روایت "اللہ بندوں سے ستر ماؤں سے زیادہ محبت کرتا ہے" کی تحقیق
سوال :
محترم مفتی صاحب! یہ ایک حدیث بیان کی جاتی ہے کہ اللہ ہم سے 70 ماؤں سے زیادہ محبت کرتا ہے۔ اس کا حوالہ عنایت فرمائیں۔
(المستفتی : عبدالرحمن، مالیگاؤں)
------------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : سوال نامہ میں پوچھی گئی روایت "اللہ تعالیٰ ہم سے 70 ماؤں سے زیادہ محبت کرتا ہے" کسی بھی حدیث کی کتاب میں مذکور نہیں ہے۔
دارالعلوم دیوبند کا فتوی ہے :
احادیث مبارکہ میں ستر ماؤں کا ذکر ہمیں نہیں ملا۔ البتہ احادیث سے ثابت ہوتا ہے کہ اللہ تعالی ایک ماں کی رحمدلی سے زیادہ اپنے بندوں پر مہربان ہے۔ (رقم الفتوی : 603880)
معلوم ہوا کہ ایسی کوئی حدیث نہیں ہے، لہٰذا اس بات کو نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی طرف منسوب کرنا اور اس کا بیان کرنا جائز نہیں ہے۔ البتہ اس سلسلے میں جو حدیث شریف ملتی ہے وہ درج ذیل ہے۔
حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ "رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے پاس کچھ قیدی آئے، قیدیوں میں ایک خاتون موجود تھی، جس کا پستان دودھ سے بھرا ہوا تھا، اور وہ دوڑ رہی تھی، اتنے میں ایک بچہ اس کو قیدیوں میں ملا، اس نے جھپٹ کر اپنے پیٹ سے لگالیا اور اس کو دودھ پلانے لگی۔ اس موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے ہم سے فرمایا : کیا تم خیال کرسکتے ہو کہ یہ عورت اپنے بچے کو آگ میں ڈال سکتی ہے؟ ہم نے عرض کیا کہ بالکل نہیں۔ جب تک اس کو قدرت ہوگی یہ اپنے بچے کو آگ میں نہیں پھینک سکتی۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی گفتگو کو سن کر نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا : اللہ تعالی اپنے بندوں پر اس سے بھی زیادہ رحم کرنے والا ہے جتنا یہ عورت اپنے بچہ پر مہربان ہوسکتی ہے۔
اس حدیث میں بھی صرف ایک مثال پیش کی گئی ہے، ورنہ اللہ تعالیٰ نے تو خود ماؤں کے دلوں میں رحم ڈالا ہے، تو پھر اس کے رحم اور مہربانی کا کیا ٹھکانہ ہوگا؟ ہم اندازہ نہیں کرسکتے۔
عَنْ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَدِمَ عَلَی النَّبِيِّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ سَبْيٌ فَإِذَا امْرَأَةٌ مِنْ السَّبْيِ قَدْ تَحْلُبُ ثَدْيَهَا تَسْقِي إِذَا وَجَدَتْ صَبِيًّا فِي السَّبْيِ أَخَذَتْهُ فَأَلْصَقَتْهُ بِبَطْنِهَا وَأَرْضَعَتْهُ فَقَالَ لَنَا النَّبِيُّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَتُرَوْنَ هَذِهِ طَارِحَةً وَلَدَهَا فِي النَّارِ قُلْنَا لَا وَهِيَ تَقْدِرُ عَلَی أَنْ لَا تَطْرَحَهُ فَقَالَ لَلَّهُ أَرْحَمُ بِعِبَادِهِ مِنْ هَذِهِ بِوَلَدِهَا۔ (صحیح البخاری، رقم : 5999)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
01 جمادی الاول 1448
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں