✍ محمد عامر عثمانی ملی
(امام و خطیب مسجد کوہ نور)
قارئین کرام ! وبائی مرض کو لے کر اب بھی ہندوستان کے بیشتر علاقوں میں مساجد اور عیدگاہوں میں عمومی جماعت پر پابندی لگی ہوئی ہے۔ لہٰذا ایسی صورت میں نمازِ عیدالاضحیٰ کی ادائیگی کس طرح ہو؟ اسی کے جواب میں پیشِ نظر مضمون ترتیب دیا گیا ہے تاکہ عوام سہولت اور آسانی کے ساتھ اس اہم عبادت کو انجام دے سکیں۔
عام حالات میں نمازِ عیدین آبادی سے دور عیدگاہ میں ادا کرنا سنتِ مؤکدہ ہے۔ لیکن موجودہ حالات میں جن علاقوں میں وبا کا زور ہو یا عیدگاہوں اور مساجد میں نماز ادا کرنے پر کسی قانونی دشواری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہو، جبکہ ان علاقوں میں جمعہ اور عیدین کی نمازیں ادا کی جاتی ہیں تو وہاں گھروں میں نمازِ عیدالاضحیٰ ادا کی جاسکتی ہے۔ کیونکہ نماز عیدالاضحیٰ کے لیے بھی تقریباً وہی شرائط ہیں جو جمعہ کے لیے ہیں یعنی اس کی ادائیگی کے لئے مسجد یا عیدگاہ کا ہونا شرط نہیں ہے۔ نمازِ عیدالاضحیٰ میں بھی امام کے علاوہ تین بالغ مرد ہوں۔ نمازِ عیدالاضحیٰ کا وقت طلوع آفتاب سے تقریباً ۲۰؍ منٹ بعد شروع ہو جاتا ہے اور نصف النہار عرفی یعنی زوال تک باقی رہتا ہے۔ لیکن اسے اول وقت میں پڑھنا مستحب ہے اور زوال کے قریب پڑھنا مکروہ ہے۔
*نمازِ عیدالاضحیٰ کا طریقہ*
نمازِ عیدالاضحیٰ دو رکعت بغیر اذان واقامت کے ادا کی جاتی ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ نیت کے بعد تکبیرِ تحریمہ اللہ اکبر کہہ کر ہاتھ باندھ لیں، ثنا پڑھیں، اس کے بعد دونوں ہاتھ اللہ اکبر کہتے ہوئے کانوں تک اٹھائیں اور چھوڑ دیں، دو مرتبہ ایسا کریں اور تیسری تکبیر کے بعد ہاتھوں کو کانوں تک اٹھائیں اور باندھ لیں۔ اس کے بعد تعوذ، تسمیہ کرکے سورہ فاتحہ اور کوئی سورۃ پڑھیں، پھر رکوع سجدہ کرکے رکعت مکمل کرلیں۔ دوسری رکعت میں سورہ فاتحہ اور کوئی سورۃ پڑھنے کے بعد رکوع میں نہ جائیں بلکہ یکے بعد دیگرے تین تکبیرات اس طرح ہوں کہ ہر مرتبہ ہاتھوں کو کانوں تک لے جاکر چھوڑ دیں، اس کے بعد چوتھی تکبیر میں ہاتھوں کو اٹھائے بغیر رکوع میں چلے جائیں اور بقیہ نماز حسبِ معمول پوری کریں۔
عموماً نیت کے لیے لوگ بڑے پریشان ہوتے ہیں جبکہ دل میں یہ خیال لے آنا کافی ہے کہ میں امام کی اقتداء میں نماز عیدالاضحیٰ ادا کرتا/ کرتی ہوں۔ مزید کچھ کہنا ضروری نہیں۔
اگر جماعت میں عورت بھی ہوتو امام کے لیے عورت کی امامت کی نیت بھی کرنا ضروری ہے، اور اس کے لیے باقاعدہ الفاظ ادا کرنے کی ضرورت نہیں۔ دل میں ارادہ ہونا کافی ہے۔
جس طرح مرد امام کی اقتداء میں قرأت کی جگہ خاموش رہتے ہیں اسی طرح عورتوں کے لیے بھی یہی حکم ہے، اور جہاں مردوں کے لئے دعا اور تسبیحات پڑھنے کا حکم ہے وہی حکم عورتوں کے لیے بھی ہے۔
نماز ودعا سے فراغت کے بعد دو خطبے دینا مسنون ہے، لہٰذا کرسی یا اسٹول وغیرہ رکھ لیا جائے، اور دونوں خطبوں کے درمیان اسی پر تین چھوٹی آیات کی تلاوت کے بقدر بیٹھ جایا جائے۔ ملحوظ رہے کہ عیدین میں جمعہ کی طرح خطبہ دینا شرط نہیں ہے، بلکہ مسنون ہے، یعنی اگر خطبہ نہ ہو تب بھی نماز عید ادا ہوجائے گی۔ لیکن قصداً خطبہ ترک کرنا مکروہ ہے۔
صاحبین ؒ کے نزدیک خطبہ کی کم سے کم مقدار تشہد کے بقدر ہے اس سے کم مکروہ ہے۔ لہٰذا حاضرین میں کوئی عالم یا خطبہ دینے کے لائق شخص نہ ہوتو وہ دونوں خطبوں میں آیت الکرسی یا سورہ فاتحہ پڑھ لے تو خطبہ کی سنت ادا ہوجائے گی۔ نیز جب خطبہ ہورہا ہو اس وقت وہاں موجود افراد کا اسے خاموشی سے سننا واجب ہے۔
*عورتوں کے لیے نمازِ عیدالاضحٰی*
عورتوں پر نمازِ جمعہ وعیدین واجب نہیں ہے، اور عام حالات میں انہیں عیدگاہوں اور مساجد میں جاکر نمازِ عید میں شریک ہونا بھی مکروہ اور سخت فتنہ کا سبب ہے، البتہ حرمین شریفین میں یا کسی ایسی جگہ جہاں فتنہ سے مکمل حفاظت ہو، اگر عورتیں عید کی جماعت میں شامل ہوجائیں تو جائز ہے۔ لہٰذا جہاں گھروں میں نمازِ عیدالاضحٰی ادا کی جارہی ہو، اس گھر کی خواتین اگر نماز میں شامل ہوجائیں تو یہ درست ہے۔ اگر نماز عید میں شریک نہ ہوسکیں تو نماز عیدالاضحٰی ہوجانے کے بعد تنہا تنہا بطور شکرانہ دو رکعت نفل نماز پڑھ سکتی ہیں۔
*نمازِ عیدالاضحیٰ کا بدل*
اگر کوئی تنہا ہو اور اُس کی نمازِ عید فوت ہوجائے اور کسی جگہ ملنے کی امید بھی نہ ہوتو اس کا بدل فقہاء نے لکھا ہے کہ وہ دو دو رکعت کرکے چار رکعت یا پھر صرف دو رکعت نماز چاشت عام نمازوں کی طرح ادا کرلے۔ خیال رہے کہ اس نماز کا پڑھنا مستحب ہے، واجب نہیں۔
*نماز عید سے متعلق اہم مسائل*
اگر کوئی شخص ایک جگہ نمازِ عید پڑھا چکا ہے تو اب وہ دوسری جگہ جاکر عید کی نماز میں امامت نہیں کرسکتا ہے، اس لیے کہ اس کا واجب ادا ہوچکا ہے اب اگر وہ دوبارہ عید کی نماز پڑھے گا تو یہ نماز نفل ہوگی، جبکہ اس کی اقتداء کرنے والوں کی نماز واجب ہے تو یہ اقتداء المفترض خلف المتنفل کی قبیل سے ہوگا جو درست نہیں ہے۔
نماز عید میں مجمع زیادہ ہونے کے سبب سجدۂ سہو واجب ہوجانے پر بھی انتشار سے بچنے کے لیے سجدۂ سہو نہ کرنے کا حکم فقہاء نے لکھا ہے۔ لیکن لاک ڈاؤن میں جبکہ مجمع زیادہ نہ ہو اور سجدۂ سہو کرنے میں کسی فتنے کا اندیشہ نہ ہو اور سجدہ سہو واجب ہو جائے تو سجدۂ سہو کیا جائے گا، کیونکہ یہاں رخصت کا سبب باقی نہیں رہا۔
*خطبۂ نمازِ عیدالاضحیٰ*
ذیل میں دو مختصر اور آسان خطبات نقل کیے جارہے ہیں، جنہیں پی ڈی ایف کی شکل میں بھی ارسال کیا جائے گا۔ اگر کوئی اسے آسانی سے پڑھ سکتا ہوتو سنت پر عمل ہوجائے گا، اگر اس کی استطاعت نہ ہوتو اوپر کی ہدایات کے مطابق عمل کرے۔
*خطبہ اولٰی*
اَللّٰهُ أَکْبَرْ اَللّٰهُ أَکْبَرْ لَآ اِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ وَاللّٰهُ أَکْبَرْ اَللّٰهُ أَکْبَرْ وَلِلّٰهِ الْحَمْدُ۞اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ جَعَلَ الْکَعْبَۃَ الْحَرَامَ قِیَامَ الّلِنَّاسِ وَاَمْنًا ۞ اَللّٰهُ أَکْبَرْ اَللّٰهُ أَکْبَرْ لَآ اِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ وَاللّٰهُ أَکْبَرْ اَللّٰهُ أَکْبَرْ وَلِلّٰهِ الْحَمْدُ ۞ و جَعَلَ الْحَجَّ والْعُمْرَۃَ للِنَّجَاۃِ عَوْنًا ۞ اَللّٰهُ أَکْبَرْ اَللّٰهُ أَکْبَرْ لَآ اِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ وَاللّٰهُ أَکْبَرْ اَللّٰهُ أَکْبَرْ وَلِلّٰهِ الْحَمْدُ ۞ اَشْهَدُ اَنْ لَّا اِلٰهَ اِلَّا اللّٰهُ وَحْدَہٗ لاَ شَرِیْکَ لَہٗ، وَاَشْهَدُ اَنَّ سَیِّدَنَا وَمَوْلَانَا مُحَمَّدًا عَبْدُهٗ وَرَسُوْلُهٗ ۞ اَمَّا بَعْدُ ! قَالَ النَّبِيُّ صَلَّی اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : مَنْ وَجَدَ سَعَةً فَلَمْ يُضَحِّ فَلَا يَقْرَبَنَّ مُصَلَّانَا ۞ وَعَنْ زَيْدِ بْنِ أَرْقَمَ قَالَ : قَالَ أَصْحَابُ رَسُولِ اللّٰهِ صَلَّی اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَا رَسُولَ اللّٰهِ مَا هَذِهِ الْأَضَاحِيُّ، قَالَ سُنَّةُ أَبِيکُمْ إِبْرَاهِيمَ، قَالُوا فَمَا لَنَا فِيهَا يَا رَسُولَ اللّٰهِ قَالَ بِکُلِّ شَعَرَةٍ حَسَنَةٌ، قَالُوا فَالصُّوفُ يَا رَسُولَ اللّٰهِ، قَالَ بِکُلِّ شَعَرَةٍ مِنْ الصُّوفِ حَسَنَةٌ ۞ اَللّٰهُ أَکْبَرْ اَللّٰهُ أَکْبَرْ لَآ اِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ وَاللّٰهُ أَکْبَرْ اَللّٰهُ أَکْبَرْ وَلِلّٰهِ الْحَمْدُ ۞ فَأَعُوْذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيْم ۞ بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِْ ۞ لَنْ يَنَالَ اللّٰهَ لُحُومُهَا وَلَا دِمَاؤُهَا وَلَكِنْ يَنَالُهُ التَّقْوٰى مِنْكُمْ كَذَلِكَ سَخَّرَهَا لَكُمْ لِتُكَبِّرُوا اللّٰهَ عَلَى مَا هَدَاكُمْ وَبَشِّرِ الْمُحْسِنِينَ۞ اَسْتَغْفِرُ اللّٰهَ لِيْ وَلَكُمْ وَلِسَائِرِ الْمُسْلِمِیْنَ فَاسْتَغْفِرُوْہُ، اِنَّہٗ ھُوَ الْغَفُوْرُ الرَّحِيمِْ ۞
*خطبہ ثانیہ*
اَللّٰهُ أَکْبَرْ اَللّٰهُ أَکْبَرْ لَآ اِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ وَاللّٰهُ أَکْبَرْ اَللّٰهُ أَکْبَرْ وَلِلّٰهِ الْحَمْدُ ۞ اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ نَحْمَدُهُ وَنَسْتَعِیْنُهٗ وَنَسْتَغْفِرُهٗ وَنُؤْمِنُ بِهٖ وَنَتَوَکَّلُ عَلَیْهِ وَنَعُوْذُ بِاللّٰهِ مِنْ شُرُوْرِ اَنْفُسِنَا وَمِنْ سَیِّئاٰتِ اَعْمَالِنَا مَن یَّهْدِهِ اللّٰهُ فَلاَ مُضِلَّ لَهُ وَمَنْ یُّضْلِلْهُ فَلاَ هَادِیَ لَهُ ۞ وَنَشْهَدُ أَنْ لَآ اِلٰهَ اِلاَّ اللّٰهُ وَحْدَهٗ لَا شَرِیْکَ لَهٗ ۞ وَنَشْهَدُ اَنَّ سَیِّدَنَا وَمَوْلَانَا مُحَمَّدًا عَبْدُهٗ وَرَسُوْلُهٗ ۞ أَعُوْذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيْم ۞ بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِِْ ۞ إِنَّ اللّٰهَ وَمَلٰئِكَتَهٗ يُصَلُّوْنَ عَلَى النَّبِيِّ يَا أَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا صَلُّوْا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوْا تَسْلِيْمًا۞اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا وَمَوْلَانَا مُحَمَّدٍ وَّاَزْوَاجِهٖ وَذُرِّیَّتِهٖ وَصَحْبِهٖ اَجْمَعِیْن۞قَالَ النَّبِيُّ صَلَّی اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، خَیْرُ اُمَّتِیْ قَرْنِیْ ثُمَّ الَّذِیْنَ یَلُوْنَهُمْ ثُمَّ الَّذِیْنَ یَلُوْنَهُمْ ۞ اللّٰهُمَّ إِنَّا نَعُوذُ بِکَ مِنْ الْجُنُونِ وَالْجُذَامِ وَالْبَرَصِ وَسَيِّئِ الْأَسْقَامِ، وَنَعُوذُ بِکَ مِنْ الْفَقْرِ وَالْقِلَّةِ وَالذِّلَّةِ ۞ اَللّٰهُمَّ ادْفَعْ عَنَّا الْبَلاَءَ وَالوَبَاءَ ۞ اِنَّ اَللّٰهَ یَأْمُرُ بِالْعَدْلِ وَالْاِحْسَانِ وَاِیْتَآءِ ذِی الْقُرْبٰی وَیَنْهٰی عَنِ الْفَحْشَآءِ وَالْمُنْکَرِ وَالْبَغْيِ یَعِظُکُمْ لَعَلَّکُمْ تَذَکَّرُوْنَ ۞ سُبْحَانَ رَبِّكَ رَبِّ الْعِزَّةِ عَمَّا يَصِفُونَ ۞ وَسَلَامٌ عَلَى الْمُرْسَلِينَ ۞ وَالْحَمْدُلِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ ۞