فرض نماز کے بعد بلند آواز سے اللہ اکبر کہنا
سوال مفتی صاحب ! فرض نماز کے بعد امام کا زور سے اللہ اکبر کہنا کیسا ہے؟ جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی۔ (المستفتی : محمد ابراہیم، مالیگاؤں) ------------------------------------------------- بسم اللہ الرحمن الرحیم الجواب وباللہ التوفيق : جمہور فقہاء و محدثین کے نزدیک فرض نماز کے بعد بلند آواز سے تکبیر یعنی "اللہ اکبر" کہنا مسنون نہیں ہے۔ صحیح بخاری میں حضرت ابن عباس سے مروی ہے کہ مجھے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز ختم ہونے کا علم (آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے) تکبیر (یعنی اللہ اکبر) کہنے سے ہوتا تھا، لہٰذا اس کی وجہ سے ابن حزم وغیرہ نے اسے مستحب سمجھا ہے، جبکہ ابن بطال فرماتے ہیں کہ مذاہب اربعہ اس کے عدمِ استحباب کے قائل ہیں۔ امام نووی ؒفرماتے ہیں کہ امام شافعیؒ سے روایت کیا گیا ہے کہ انہوں نے فرمایا کہ یہ صرف اس لئے تھا کہ لوگوں کو بتایا جائے کہ نمازوں کے بعد ذکر مشروع ہے، جب اس کا علم ہو گیا تو جہر کا کوئی مطلب ہی نہ رہا اور یہ ایسا ہی ہے جیسا کہ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ وہ نماز جنازہ میں جہر سے سورۃ فاتحہ پڑھتے تھے تاکہ لوگ جان لیں کہ یہ بھی...