منگل، 10 ستمبر، 2024

حکومتی امداد سے مساجد ومدارس میں سولار لگانا


سوال :

مفتی صاحب ! آج کل مساجد و مدارس میں ایک مسلم سیاسی لیڈر موجودہ حکومت کی جانب سے سولار سسٹم لگوا رہے ہیں، کیا یہ جائز ہے؟ رہنمائی فرمائیں۔
(المستفتی : محمد ذاکر، مالیگاؤں)
------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : حکومت کی ذمہ داریوں میں سے یہ بات بھی ہے کہ وہ اپنی رعایا کی عبادت گاہوں کو تحفظ اور سہولیات فراہم کریں، لہٰذا اگر حکومت کی کسی اسکیم کے تحت مساجد ومدارس میں سولار سسٹم لگائے جارہے ہیں تو شرعاً اس میں کوئی قباحت نہیں ہے، اور اس سلسلے میں کوشش کرنے والے مسلم لیڈر کو ان شاءاللہ اجر وثواب بھی ملے گا، کتبِ فقہ وفتاوی میں اس سلسلے میں رہنمائی موجود ہے۔


وَأَمَّا الْإِسْلَامُ فَلَيْسَ مِنْ شَرْطِهِ فَصَحَّ وَقْفِ الذِّمِّيِّ بِشَرْطِ كَوْنِهِ قُرْبَةً عِنْدَنَا وَعِنْدَهُمْ۔ (البحر الرائق : ٥/٢٠٤)

أَنَّ شَرْطَ وَقْفِ الذِّمِّيِّ أَنْ يَكُونَ قُرْبَةً عِنْدَنَا وَعِنْدَهُمْ كَالْوَقْفِ عَلَى الْفُقَرَاءِ أَوْ عَلَى مَسْجِدِ الْقُدْسِ۔ (شامی : ٨/٣٤١)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
06 ربیع الاول 1446

ہفتہ، 7 ستمبر، 2024

پولیو ڈوز کا شرعی حکم

سوال :

بچوں کو حکومت کی جانب سے جو پولیو ڈوز پلایا جاتاہے اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟ پلا سکتے ہیں یا نہیں؟ رہنمائی فرمائیں۔
(المستفتی : محمد اسعد، مالیگاؤں)
------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : شریعتِ مطہرہ کا واضح اور مسلّم اصول ہے کہ جب تک کسی دوا یا کھانے، پینے وغیرہ کی اشیاء میں کسی ناپاک یا حرام شئے کے ملے ہونے کا یقینی علم نہ ہو تب تک اسے ناجائز نہیں کہا جاسکتا۔ پولیو ڈوز کا بھی حکم یہی ہے کہ اس میں کسی ناپاک شئے کی آمیزش کا یقینی علم نہیں ہے۔ لہٰذا اس کا استعمال اصلاً جائز ہے۔ ذیل میں ہم عالم اسلام متعدد مؤقر اور معتبر اداروں کے فتاوی نقل کررہے ہیں تاکہ اس سلسلے میں مزید تشفی ہوجائے۔

دارالعلوم (وقف) دیوبند کا فتوی ہے :
 پولیو کی دوا میں جب تک تحقیق سے کسی غلط چیز کی ملاوٹ کا ثبوت نہ ہوجائے اس کو ناجائز نہیں کہا جائے گا۔ حکومت کا یہ اقدام ملک سے پولیو کے خاتمے کے لئے ہے اور اس میں کافی حد تک کامیاب بھی ہے، اس لئے بلاوجہ اس میں شبہ کرنا مناسب نہیں۔ (رقم الفتوی : 1503)

دارالعلوم کراچی کا فتوی ہے :
پولیو کے قطروں کے متعلق مسلمان اطباء حضرات یہی کہتے ہیں کہ پولیو کے قطرے پولیو سے بچاؤ کے لئے پلائے جاتے ہیں اور شرعی نقطہ نگاہ سے کسی بھی حلال دوا یا غذا کے ذریعہ بیماری سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا شرعاً فی نفسہ جائز ہے، لہٰذا پولیو کے قطرے میں جب تک کسی مستند ذریعہ سے کسی ناجائز بات یا ناپاک چیز کی آمیزش کا علم یا ظن غالب نہ ہو اس وقت تک اسکو پلانے کا اصولی حکم یہی ہے کہ شرعاً فی نفسہ جائز ہے۔ نیز چونکہ پولیو کے قطرے پلانا شرعاً فرض یا واجب یا قانوناً لازم نہیں اس لئے کوئی احتیاط پر عمل کرتے ہوئے نہ پلائے تو اس پر کوئی گناہ نہیں ہے۔ (رقم الفتوی : 86/1938)

جامعۃ الرشید، کراچی کا فتوی ہے :
پولیو کے قطرے عرصہ دراز سے پلائے جا رہے ہیں، لیکن تا حال اس کے کوئی مضر اثرات ظاہر نہیں ہوئے۔ نیز اس وقت عالم ِ اسلام کے ممتاز علماءکرام اور مستند طبی ماہرین کی اکثریت اس بات پر متفق ہیں کہ پولیو کے قطروں میں کوئی مضرِصحت یا خلافِ شریعت چیز نہیں پائی جاتی، اس لئے یہ قطرے پلانا جائز ہے۔ (رقم الفتوی : 62585/57)


(لِانْقِلَابِ الْعَيْنِ) فَإِذَا صَارَ مِلْحًا تَرَتَّبَ حُكْمُ الْمِلْحِ. وَنَظِيرُهُ فِي الشَّرْعِ النُّطْفَةُ نَجِسَةٌ وَتَصِيرُ عَلَقَةً وَهِيَ نَجِسَةٌ وَتَصِيرُ مُضْغَةً فَتَطْهُرُ، وَالْعَصِيرُ طَاهِرٌ فَيَصِيرُ خَمْرًا فَيَنْجُسُ وَيَصِيرُ خَلًّا فَيَطْهُرُ، فَعَرَفْنَا أَنَّ اسْتِحَالَةَ الْعَيْنِ تَسْتَتْبِعُ زَوَالَ الْوَصْفِ الْمُرَتَّبِ عَلَيْهَا۔ (شامی : ١/٣٢٧)

الْيَقِينُ لاَ يَزُول بِالشَّكِّ۔ (الاشباہ والنظائر : ۱/۲۲۰)

مَعْنَى هَذِهِ الْقَاعِدَةِ أَنَّ مَا ثَبَتَ بِيَقِينٍ لاَ يَرْتَفِعُ بِالشَّكِّ، وَمَا ثَبَتَ بِيَقِينٍ لاَ يَرْتَفِعُ إِلاَّ بِيَقِينٍ، وَدَلِيلُهَا قَوْلُهُ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: إِذَا وَجَدَ أَحَدُكُمْ فِي بَطْنِهِ شَيْئًا فَأَشْكَل عَلَيْهِ، أَخَرَجَ مِنْهُ شَيْءٌ أَمْ لاَ؟ فَلاَ يَخْرُجَنَّ مِنَ الْمَسْجِدِ حَتَّى يَسْمَعَ صَوْتًا أَوْ يَجِدَ رِيحًا۔
وَعَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَال: قَال رَسُول اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: إِذَا شَكَّ أَحَدُكُمْ فِي صَلاَتِهِ فَلَمْ يَدْرِ كَمْ صَلَّى أَثَلاَثًا أَمْ أَرْبَعًا؟ فَلْيَطْرَحِ الشَّكَّ، وَلْيَبْنِ عَلَى مَا اسْتَيْقَنَ۔ (الموسوعۃ الفقہیۃ : ٤٥/٥٧٩)

الاستشفاء بالمحرم إنما لا یجوز إذا لم یعلم أن فیہ شفائً، أما إذا علم أن فیہ شفائً، ولیس لہ دواء آخر غیرہ، فیجوز الاستشفاء بہ۔ (المحیط البرہاني، کتاب الاستحسان، الفصل التاسع عشر في التداوي، ۶؍۱۱۶)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
03 ربیع الاول 1446

منگل، 3 ستمبر، 2024

یوم اساتذہ منائیں مگر .........


✍️ مفتی محمد عامر عثمانی 
    (امام وخطیب مسجد کوہ نور)

قارئین کرام ! ہمارے ملک ہندوستان میں ہر سال پانچ ستمبر کو یومِ اساتذہ (Teacher's Day) کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن پورے ملک میں اساتذہ سے متعلق مختلف تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے عمدہ خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو انعام سے نوازا جاتا ہے، اور طلباء اپنے اساتذہ کو پھول اور تحائف پیش کرتے ہیں۔ معلوم ہونا چاہیے کہ جس طرح یوم آزادی اور یوم جمہوریہ قومی تہوار ہیں، اسی طرح یومِ اساتذہ بھی ایک قومی تہوار ہے، لہٰذا شرعاً اس میں کوئی قباحت نہیں ہے، بشرطیکہ اس کے منانے میں کوئی مُنکَر اور برائی نہ پائی جاتی ہو، مثلاً بے پردگی، ناچ گانے اور موسیقی وغیرہ کا انتظام نہ ہو۔

معزز قارئین ! ہمارے شہر کی اسکولوں میں یوم اساتذہ اس طرح منایا جاتا ہے کہ اس دن بعض طلباء خود استاذ بن کر پڑھاتے ہیں یا پھر اساتذہ کی اہمیت اور ان کے مقام ومرتبہ پر تقاریر ہوتی ہیں، بعض اسکولوں میں طلباء اپنے اساتذہ کو تحائف بھی پیش کرتے ہیں۔ اب اگر ان تحائف کا لین دین اپنی مرضی اور خوشی سے ہو اور اس کی وجہ سے دیگر غریب طلباء کی دل آزاری نہ ہوتی ہوتو اس میں حرج نہیں۔ لیکن اطلاعات یہ ہیں کہ بعض اسکولوں میں باقاعدہ طلباء کو کہا گیا ہے کہ ٹیچرس ڈے کو گفٹ لے کر آنا ہے۔ یا پھر ان تحائف کا لین دین اس طرح ہوتا ہے کہ غریب طلباء بھی اپنے والدین سے مہنگے مہنگے گفٹ کے لیے ضد کرتے ہیں۔ ویسے ہمارے شہر میں الحمدللہ ایسے دیندار اور محتاط اساتذہ بھی ہیں جو یہ مسئلہ بھی پوچھتے ہیں کہ بغیر کچھ کہے بچوں سے ملنے والے تحائف ہم قبول کرسکتے ہیں یا نہیں؟ یعنی اکثریت سمجھدار لوگوں کی ہے۔ لیکن جہاں بھی اوپر بتائے گئے غلط طریقے کے مطابق تحائف کا لین دین ہوتا ہے تو انہیں اس پر توجہ دینے اور اسے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم اس سلسلے میں زیادہ کچھ لکھنا نہیں چاہتے بلکہ اسکولوں کی انتظامیہ اور اساتذہ سے صرف اتنی سی عاجزانہ اور مؤدبانہ درخواست کرتے ہیں کہ آپ یوم اساتذہ منائیں لیکن اس میں کوئی ایسا عمل نہ ہو جس میں کسی کی دل آزاری اور شرعاً کوئی ناجائز عمل پایا جائے۔

محترم قارئین ! بلاشبہ علمِ نافع، اخلاق اور تہذیب سکھانے والے اساتذہ کی دین ودنیا دونوں طرح سے بڑی اہمیت اور ان کا بڑا مقام ومرتبہ ہے۔ اللہ تعالیٰ، اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور ماں باپ کے بعد کسی بھی انسان کے سب سے بڑے محسن اس کے اساتذہ ہوتے ہیں۔ لیکن سال میں ایک مرتبہ وہ بھی رسمی طور پر ان کی مدح سرائی کردینا یا کوئی تحفہ دے دینا اور پھر انہیں اور ان کی خدمات کو فراموش کردینا نہ تو شرعاً درست ہے اور نہ ہی اخلاقی طور پر کوئی اچھا عمل ہے۔ لہٰذا طلباء کے لیے اپنے اساتذہ کا پوری زندگی اکرام کرنا اور ہمیشہ ان کے لیے دعائے خیر کرنا ضروری ہے۔ اسی طرح اساتذہ کو بھی چاہیے کہ وہ طلباء کے ساتھ محبت، شفقت اور خیرخواہی کا معاملہ کریں اور اپنی تمام تر ذمہ داریوں کو کماحقہ ادا کریں تب ہی ایک تعلیم یافتہ اور مہذب معاشرہ وجود میں آسکتا ہے۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہر معاملے میں شریعت کو مقدم رکھنے کی توفیق عطا فرمائے، اور ہمیں اپنے اساتذہ کی کماحقہ قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین