شادیوں میں ایک کبیرہ گناہ کا اضافہ

✍️ مفتی محمد عامر عثمانی ملی
     (امام وخطیب مسجد کوہ نور)

قارئین کرام! نکاح ایک عبادت اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی ایک اہم سنت ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے بذات خود اس کو کئی مرتبہ انجام دے کر اور صحابہ کرام وسلف صالحین نے آپ کی اتباع کرکے بتا دیا ہے کہ اس عبادت کو عبادت کی طرح انجام دیا جاتا ہے۔ نکاح میں اصل ایجاب وقبول مہر اور استطاعت کے بقدر ولیمہ ہوتا ہے۔ آسان اور کم خرچ والے نکاح کو آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے بابرکت بتایا ہے لیکن ہم لوگوں نے نکاح کو اتنا مشکل اور مہنگا اور کردیا ہے کہ اس کے اخراجات میں سالوں جمع کی گئی پونجی برباد کردی جاتی ہے یا پھر سالوں اس کا قرض ادا کیا جاتا ہے۔ فی الحال ایک نیا کبیرہ گناہ اور حد سے زیادہ فضول خرچ والے ایک قبیح فعل کا اس میں اضافہ کردیا گیا ہے اور وہ ہے قوالی کی محفل۔

اطلاعات یہ ہیں کہ شہر کی کئی شادیوں میں قوالی کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا اور اس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی اور لاکھوں روپے برباد کیے گئے، قوالوں پر نوٹیں لٹاکر مجروں کی روایت کو زندہ کرنے کی مذموم کوشش کی گئی۔ بہت سے نوجوانوں نے یہاں جھوم کر، ناچ کر اور خوب ہلڑ بازی کرکے شہر کی نیک نامی پر بٹہ لگانے کا کام کیا۔

معلوم ہونا چاہیے کہ قوالی جو آلاتِ موسیقی (باجا، ڈھول یا دیگر ساز) کے ساتھ کی جائے، تمام مسلک کے علماء کے نزدیک ناجائز اور حرام ہے۔ کیوں کہ ذہنی انتشار اور اخلاقی بگاڑ پیدا کرنے والی مختلف چیزوں میں سے ایک موسیقی ہے، اسلام میں موسیقی اور گانے بجانے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ 

ارشادِ باری تعالیٰ ہے :
وَمِنَ النّاسِ مَن يَشتَر‌ى لَهوَ الحَديثِ لِيُضِلَّ عَن سَبيلِ اللَّهِ بِغَيرِ‌ عِلمٍ وَيَتَّخِذَها هُزُوًا ۚ أُولـٰئِكَ لَهُم عَذابٌ مُهينٌ۔ ( سورہ لقمان، آیت : ٦)
ترجمہ : لوگوں میں سے بعض ایسے بھی ہیں جو لغو باتوں کو مول لیتے ہیں تاکہ بے علمی کے ساتھ لوگوں کو اللہ کی راہ سے بہکائیں اور اسے مذاق بنائیں۔ یہی وہ لوگ ہیں جن کے لیے رسوا کن عذاب ہے۔

جمہور صحابہ و تابعین، ائمہ اور ائمہ مفسرین کے نزدیک لهوالحدیث عام ہے جس سے مراد گانا بجانا اور اس کا ساز و سامان ہے اس میں آلاتِ موسیقی اور ہر وہ چیز جو انسان کو خیر اور بھلائی سے غافل اور اللہ کی عبادت سے دور کر دے شامل ہے۔

نبی کریم کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے واضح الفاظ میں اس پر سخت وعید بیان فرمائی ہے کہ :
اس امت میں زمین میں دھنسانا، صورتیں بدلنا اور پتھروں کی بارش جیسا عذاب ہوگا تو مسلمانوں میں سے ایک مرد نے کہا : اے اللہ کے رسول ﷺ! یہ کیسے ہوگا؟ تو آپ نے فرمایا : جب گانے والیاں اور باجے گاجے ظاہر ہوں گے اور شرابیں پی جائیں گی۔ (ترمذی)

حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ  وسلم نے ارشاد فرمایا : گانا (موسیقی) دل میں نفاق کو اس طرح پیدا کرتا ہے جیسے پانی کھیتی کو اگاتا ہے۔ (بیہقی)

ایک جگہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا : میں ساز باجے اور ڈھولک کو ختم کرنے کے لیے بھیجا گیا ہوں۔ (الفوائد)

دارالعلوم دیوبند کا فتوی ہے :
خدا کی تعریف پر مشتمل کلام، نعتیہ اشعار کا پڑھنا سننا اچھی بات ہے لیکن قوالی میں ڈھول، باجا اور آلاتِ موسیقی کا استعمال ہوتا ہے، یہ جائز نہیں۔ راگ کا سننا شرعاً حرام اور گناہ کبیرہ ہے، اولیاء اللہ کی طرف ان چیزوں کو منسوب کرنا ان بزرگوں پر تہمت ہے، قوالی کی موجودہ صورت خلافِ شریعت اور ناجائز ہے۔ (رقم الفتوی : 7537) 

مروجہ طریقے پر جو قوالی پڑھی اور سنی جاتی ہے جس میں مزامیر، آلات موسیقی لازماً ہوتے ہیں اور لہو لعب کا ماحول ہوتا ہے ایسی قوالی پڑھنا اور سننا ناجائز و حرام ہے۔ چنانچہ بریلوی مسلک کے امام، احمد رضا خان صاحب لکھتے ہیں :
ایسی قوالی حرام ہے حاضرین سب گنہگار ہیں اور ان سب کا گناہ ایسا کرنے والوں اور قوالوں پر ہے۔ (فتاوی رضویہ : 24/114)

مزید آگے لکھتے ہیں :
کسی کو قصدًا ہوس پرستی منظور ہو تو اس کا علاج کس کے پاس ہے؟ کاش آدمی گناہ کرے اور گناہ جانے اقرار لائے، اصرار سے باز آئے، لیکن یہ تو اور بھی سخت ہے کہ ہوس بھی پالے اور الزام بھی ٹالے اپنے حرام کو حلال بنالے۔ پھر اسی پر بس نہیں بلکہ معاذا ﷲ اس کی تہمت محبوبان خدا بر سلسلہ عالیہ چشت قدست اسرارہم کے سر دھرتے ہیں نہ خدا سے خوف نہ بندوں سے شرم کرتے ہیں، حالانکہ خود حضور محبوب الٰہی سیدی ومولائی نظام الحق والدّین سلطان الاولیاء رضی ﷲ تعالٰی عنہ وعنہم وعنابہم فوائد شریف میں فرماتے ہیں : مزامیر حرام است یعنی گانے بجانے کے آلات کااستعمال کرنا حرام ہے۔ (فتاوی رضویہ : 24/116)

بریلوی مسلک کی مشہور کتاب بہارِ شریعت میں ہے :
متصوفہ زمانہ (بناوٹی صوفی) کہ مزامیر کے ساتھ قوالی سنتے ہیں اور کبھی اوچھلتے کودتے اور ناچنے لگتے ہیں اس قسم کا گانا بجانا، ناجائز ہے، ایسی محفل میں جانا اور وہاں بیٹھنا ناجائز ہے، مشایخ سے اس قسم کے گانے کا کوئی ثبوت نہیں۔ (بہار شریعت : جلد 03، حصہ 16،ص،511)

حیرت اور انتہائی دُکھ کی بات یہ ہے کہ میوزک اور ڈھول باجے کے اس ناجائز اور حرام قوالی کے پروگرام کا انعقاد کرنے والے، اس کی سرپرستی کرنے والے اور اس کے اسٹیج پر بڑے جوش خروش کے ساتھ براجمان ہوکر جھوم جھوم کر داد دینے والے داڑھی ٹوپی اور کُرتے والے تھے، جن کو شہر میں بظاہر دیندار اور سمجھدار سمجھا جاتا ہے۔ ایسے لوگوں کو اچھی طرح معلوم ہونا چاہیے کہ اس طرح کے ناجائز اور حرام پروگرام کا انعقاد کرکے اور لوگوں کو جمع کرکے میوزک سنانے کا گناہ آپ نے اپنے سر مول لیا ہے۔ لہٰذا ایسے لوگوں کو فوری طور پر ندامت و شرمندگی کے ساتھ اعلانیہ توبہ کرنا چاہیے، اگر یہ اعلانیہ توبہ کرلیتے ہیں تو ٹھیک ہے، ورنہ آئندہ انہیں کسی بھی دینی و اصلاحی پروگرام کا حصہ نہ بنایا جائے، کیوں کہ غالب گمان ہوتا ہے کہ یہ لوگ اپنے ذاتی مفاد اور پبلسٹی کے لیے دینی اور اصلاحی پروگرام کا سہارا لے رہے ہیں، ورنہ اصلاً ان کو دین اور دینی تعلیمات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہر برائی سے خود بھی بچنے اور دوسروں کو بھی روکنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین 

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

ایرانی لیڈر کی موت اور ہمارا طرزِ عمل؟

مستقیم بھائی آپ سے یہ امید نہ تھی