سوال :
حضرت مفتی صاحب ! میاں وبیوی میں چند دنوں سے نااتفاقی چل رہی ہے بیوی نے واٹساپ پر شوہر سے کہا میں اب تمہارے ساتھ نہیں رہنا چاہتی مجھے طلاق چاہیے شوہر نے واٹس اپ پر او کے لکھ دیا۔ کیا شوہر کے واٹس اپ پر او کے لکھ دینے سے طلاق واقع ہوجائے گی؟ جواب عنایت فرمائیں نوازش ہوگی۔
(المستفتی : عبدالخالق، ناگپور)
------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : صورتِ مسئولہ میں بیوی نے واٹس اپ پر شوہر سے کہا "میں اب تمہارے ساتھ نہیں رہنا چاہتی مجھے طلاق چاہیے" تو شوہر نے واٹس اپ پر "او کے" لکھ دیا۔ تو اس لفظ سے اگر شوہر کی نیت طلاق کی نہیں تھی بلکہ یہ نیت تھی کہ ٹھیک ہے مستقبل میں یعنی بعد طلاق دے دوں گا۔ تو اس صورت کوئی طلاق واقع نہیں ہوگی۔ لیکن اگر اس لفظ سے شوہر کی نیت طلاق دینے کی تھی کہ "او کے" یعنی ٹھیک ہے میں نے طلاق دے دی، تو اس سے ایک طلاق رجعی واقع ہوجائے گی۔
ایک طلاق رجعی کا حکم یہ ہے کہ شوہر عدت کے اندر رجوع کرسکتا ہے، اس کا طریقہ یہ ہے کہ دو گواہوں کی موجودگی میں میں کہہ دے کہ میں رجوع کرتا ہوں، یا تنہائی میں میاں بیوی والا عمل کرلے تو رجوع ہوجائے گا اور دونوں بدستور میاں بیوی کی طرح رہ سکتے ہیں۔
نوٹ : صورتِ مسئولہ میں شوہر سے اس کی نیت معلوم کرکے اس کے مطابق عمل کیا جائے۔
امْرَأَةٌ قَالَتْ لِزَوْجِهَا تُرِيدُ أَنْ أُطَلِّقَ نَفْسِي فَقَالَ الزَّوْجُ نَعَمْ فَقَالَتْ الْمَرْأَةُ طَلَّقْت إنْ كَانَ الزَّوْجُ نَوَى تَفْوِيضَ الطَّلَاقِ إلَيْهَا تَطْلُقُ وَاحِدَةً وَإِنْ عَنَى بِذَلِكَ طَلِّقِي نَفْسَك إنْ اسْتَطَعْت لَا تَطْلُقُ۔ (الفتاویٰ الہندیۃ : ١/٤٠٢)
وإذا طلق الرجل امرأتہ تطلیقۃ رجعیۃ أو تطلیقتین فلہ أن یراجعہا في عدتہا رضیت بذلک أولم ترض۔ (ہدایہ : ٢/۳۹۴)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
20 جمادی الآخر 1446
Jazakallah
جواب دیںحذف کریں