پاکستانی ڈراموں کا سنگین فتنہ

خدارا اس کو سمجھیے اور دُور رہیے

✍️ مفتی محمد عامر عثمانی ملی 
     (امام وخطیب مسجد کوہ نور) 

قارئین کرام ! آج سے بیس سال پہلے تک اردو ناول بہت سے گھروں میں بالخصوص خواتین میں بہت مقبول ہوا کرتے تھے جن میں مختلف آنچل نام کے اردو ڈائجسٹ ہوا کرتے تھے جن میں پیار محبت، ساس بہو، دیورانی جیٹھانی، نند بھابھی کی کشمکش، اختلاف اور  کی داستان ہوا کرتی تھی۔ اس میں بہت سی کہانیاں واقعی میں سبق آموز ہوا کرتی تھیں۔ لیکن دور تبدیل ہوا، انٹرنیٹ اور ویڈیو گرافی کا زمانہ آیا تو یہی کہانیاں اب بجائے الفاظ کے، اسکرین پر کردار کی شکل میں نظر آنے لگیں، اور اس کا جنون اس حد تک بڑھا کہ عورتیں تو عورتیں، مرد بھی اس کے دیوانے ہو رہے ہیں۔ چنانچہ ہم سے سوال کیا گیا کہ کیا فلاں پاکستانی ڈرامہ دیکھ سکتے ہیں؟ کیوں کہ یہ ڈرامہ سبق آموز ہے اور اس میں یہ بتایا گیا ہے کہ بیوی کے حقوق کس طرح نبھائے جاتے ہیں؟ 

لہٰذا ہمارا سب سے پہلا اور آخری وحتمی جواب یہ ہے کہ کسی بھی ڈرامے اور سیریل کے ناجائز ہونے کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ اس میں عورت اور میوزک موجود ہو، پھر اگر اس میں پیار محبت اور ناجائز رشتوں کو فلمایا گیا ہوتو اس کا دیکھنا بدرجہ اولی ناجائز ہوگا۔ اور پاکستانی ڈراموں میں یہ سب لازماً ہوتا ہے۔ مسلم نام اور مسلم کرداروں کی وجہ سے یہ ڈرامے جائز نہیں ہوجائیں گے۔ پھر اس میں مزید درج ذیل قباحتیں ہیں جو معاشرے اور رشتہ داریوں کو بگاڑنے میں اہم رول ادا کررہی ہیں۔

جب کوئی اس طرح کے سیریل دیکھنا شروع کرتا ہے تو گویا وہ ہپنوٹائز ہوجاتا ہے اور اس کے سحر میں بندھ جاتا ہے۔ ایک دو ایپی سوڈ دیکھنے کے بعد بقیہ قسطیں دیکھنے کے لیے بے چین رہتا ہے، اور اس کے انتظار میں رہتا ہے کہ بقیہ قسطیں بھی جلد از جلد دیکھ کر اپنی بے چینی کو ختم کرے۔

پاکستانی ڈراموں کو دیکھنے والی لڑکیاں احساس کمتری اور ناشکری کا شکار ہوتی جاتی ہیں کہ ڈرامے میں تو شوہر اپنی بیوی کی ہر جائز ناجائز خواہش پوری کررہا ہے۔ پلکوں پر بٹھایا ہوا ہے۔ اور اِس کے شوہر میں ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ جبکہ یہ بالکل بدیہی اور کامن سینس کی بات ہے کہ real life میں ایسا ہونا گویا ناممکن ہے، یہ سب reel میں ہی ممکن ہے۔ اس لیے کہ اصل زندگی میں روزی کمانے کے لیے جدوجہد کرنا ہوتا ہے، جس کی وجہ سے آدمی دن دن بھر گھر کے باہر ہوتا ہے۔ پھر بیوی کی ہر خواہش پوری کرنے کے لیے اتنا مال کہاں سے آئے گا؟ نیز اس میں بتائے گئے منفی کرداروں کی وجہ سے رشتوں مثلاً ساس بہو، دیورانی جیٹھانی، نند بھاوج کے درمیان بدگمانی پیدا ہوتی ہے۔

قیمتی اور نت نئے فیشن کے لباس پہننے کا رواج خواتین میں بڑھا ہے۔ تن آسانی اور کام سے جی چرانے اور گھنٹوں بیٹھ کر یہ سیریل دیکھنے کا مزاج بنا ہے۔ جس سے بچوں کی تعلیم اور تربیت کا بڑا نقصان ہو رہا ہے۔

پھر اس میں اسلام اور اسلامی تعلیمات کو ہر کہانی کار اپنے مزاج اور معلومات کے مطابق دکھاتا ہے، کوئی اسلام کو اس طرح دکھاتا ہے کہ گویا اسلام بے جا سختیوں اور حد سے زیادہ پابندیوں کا نام ہے جس پر عمل کرنے سے آدمی زمانے کے ساتھ چل ہی نہیں سکتا۔ اور کوئی اسلام کو اس طرح لبرل دکھاتا ہے گویا اسلام میں سب جائز ہے، یہاں تک کہ شوہر کو بے غیرت تک بتا دیا جاتا ہے۔ 

کیسی حماقت اور بے وقوفی کی بات ہے کہ علماء کرام اور اللہ والے جب رشتوں کی اہمیت بیویوں کے حقوق پر لکھتے اور بولتے ہیں تو یہ بات بعض لوگوں کو سمجھ میں نہیں آتی، لیکن یہی بات ناجائز ڈراموں میں بتائی جائے تو سبق آموز معلوم ہو رہی ہے۔ یہ تو ظاہر پرستی ہے جس پر شاعر نے کہا ہے کہ :

نہ جا ظاہر پرستی پر اگر کچھ عقل ودانش ہے
چمکتا جو نظر آتا ہے سب سونا نہیں ہوتا

لہٰذا اس ناجائز پاکستانی ڈراموں سے (جو فتنے اور وقت کا بے انتہاء ضیاع بھی ہیں) خدارا اپنے آپ کو اور دوسروں کو بچانے کی کوشش کیجیے۔
 
اللہ تعالیٰ ہم سب کو صحیح راستے سے دین سیکھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین 

تبصرے

  1. بہترین تحریر... وقت کی انتہائی اہم ضرورت
    اس مضمون کو خواتین کے گروپ میں بھی وائرل کریں (اپنی جوابداری پر) 😊

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. بہترین تحریر جزاک اللہ خیرا مفتی صاحب

      حذف کریں
  2. جزاک اللہ خیرا کثیرا مفتی صاحب

    جواب دیںحذف کریں
  3. جب تک کسی سریل کا نام لے کر نہیں کہا جائےگا تب تک لوگوں کو سمجھ میں نہیں آتا ہے

    جواب دیںحذف کریں

ایک تبصرہ شائع کریں

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

ایرانی لیڈر کی موت اور ہمارا طرزِ عمل؟

مستقیم بھائی آپ سے یہ امید نہ تھی