مفتی عامر عثمانی ملی، حیات وخدمات
مفتی محمد عامر عثمانی ملی ابن نثار احمد *(امام وخطیب مسجد کوہ نور، مالیگاؤں)* *(روح رواں عثمانی واٹس ایپ دارالافتاء)* ◾ ولادت وابتدائی تعلیم اللہ رب العزت کی خاص عنایت اور فضل و کرم سے مفتی محمد عامر ابن نثار احمد کی ولادت 26؍ دسمبر 1989ء کو مالیگاؤں کے علمی و دینی ماحول سے لبریز محلہ نیاپورہ میں ہوئی۔ سادہ مگر دینی حمیت سے آراستہ گھرانے میں آنکھ کھولنے والے اس نونہال نے ابتدائی عصری تعلیم موتی پرائمری اسکول میں حاصل کی، جہاں کے جی سے لے کر ساتویں جماعت تک مسلسل محنت ولگن کے ساتھ تعلیمی سفر جاری رکھا۔ اسی دوران قرآن کریم کی ابتدائی تعلیم کے لیے رحمانی مسجد نیاپورہ کا رخ کیا، جہاں شہر کے مایہ ناز اور خوش الحان قاری، حضرت قاری رضوان صاحب پریاگی دامت فیوضہم کی زیرِ تربیت رہ کر نورانی قاعدہ اور ناظرہ قرآن کریم بالتجوید مکمل کیا۔ یوں چھوٹی سی عمر ہی میں قرآن کریم سے خاص شغف اور دینی ذوق نمایاں ہونے لگا جو آگے چل کر ایک عظیم علمی و دینی سفر کا پیش خیمہ ثابت ہوا۔ ◾ حفظِ قرآن مجید ساتویں جماعت کے بعد عصری تعلیم کو خیرباد کہہ کر آپ نے قرآنِ کریم کو حفظ کرنے کا عزم کیا ...