قبرستان کے پاس سے گزرتے ہوئے کیا پڑھیں؟
سوال :
محترم ! پوچھنا یہ تھا کہ قبرستان کے داخل ہونے کا سلام (السلام علیکم یا اھل القبور..) ہم لوگ اگر قبرستان کے بازو کے راستہ سے گذر رہے ہو تو کیا بغیر قبرستان میں داخل ہوئے پیش کر سکتے ہیں؟
2) عورتیں قبرستان کے باہر سے گذر رہی ہیں تو کیا وہ بھی قبرستان میں مدفون لوگوں کو سلام پیش کر سکتی ہیں؟
(المستفتی : شمیم سر، دھولیہ)
-----------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : جو دعائیں قبرستان میں داخل ہونے کے وقت پڑھی جاتی ہیں، وہی دعائیں قبرستان کے پاس سے گزرتے ہوئے بھی پڑھ سکتے ہیں، نیز خواتین بھی قبرستان کے پاس سے گزرتے ہوئے یہ دعائیں پڑھ سکتی ہیں۔ دعائیں درج ذیل ہیں۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم مدینہ طیبہ کے قبرستان سے گزرے تو قبروں کی طرف متوجہ ہو کر فرمایا : السَّلَامُ عَلَيْکُمْ يَا أَهْلَ الْقُبُورِ يَغْفِرُ اللَّهُ لَنَا وَلَکُمْ أَنْتُمْ سَلَفُنَا وَنَحْنُ بِالْأَثَرِ۔
ترجمہ : اے قبر والو تم پر سلام ہو اللہ تعالیٰ ہماری اور تمہاری مغفرت فرمائے تم ہم سے پہلے پہنچتے ہو اور ہم بھی تمہارے پیچھے آنے والے ہیں۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم قبرستان کی طرف تشریف لے گئے تو فرمایا : السَّلَامُ عَلَيْكُمْ دَارَ قَوْمٍ مُؤْمِنِينَ وَإِنَّا إِنْ شَاءَ اللَّهُ بِكُمْ لَاحِقُونَ۔
ترجمہ : اے مومنوں کے گھر والو تم پر سلام ہو اور اللہ نے چاہا تو ہم تم سے جلد ہی ملنے والے ہیں۔
حَدَّثَنَا أَبُو كُرَيْبٍ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الصَّلْتِ، عَنْ أَبِي كُدَيْنَةَ، عَنْ قَابُوسَ بْنِ أَبِي ظَبْيَانَ، عَنْ أَبِيهِ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ، قَالَ: مَرَّ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِقُبُورِ الْمَدِينَةِ، فَأَقْبَلَ عَلَيْهِمْ بِوَجْهِهِ، فَقَالَ: السَّلَامُ عَلَيْكُمْ يَا أَهْلَ الْقُبُورِ، يَغْفِرُ اللَّهُ لَنَا وَلَكُمْ، أَنْتُمْ سَلَفُنَا وَنَحْنُ بِالْأَثَرِ . قَالَ: وَفِي الْبَاب، عَنْ بُرَيْدَةَ، وَعَائِشَةَ۔ (سنن الترمذی، رقم : ١٠٥٣)
حَدَّثَنَا الْقَعْنَبِيُّ، عَنْ مَالِكٍ، عَنِ الْعَلَاءِ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ، عَنْ أَبِيهِ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ: أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خَرَجَ إِلَى الْمَقْبَرَةِ، فَقَالَ : السَّلَامُ عَلَيْكُمْ دَارَ قَوْمٍ مُؤْمِنِينَ، وَإِنَّا إِنْ شَاءَ اللَّهُ بِكُمْ لَاحِقُونَ۔ (سنن ابی داؤد، رقم : ٣٢٣٧)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
04 شعبان المعظم 1447
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں