جمعرات، 13 اکتوبر، 2022

عثمانی دارالافتاء (بلاگ) کے بیس لاکھ وویوز مکمل

معزز قارئین! امید کرتے ہیں کہ آپ حضرات کی نظروں سے ہمارے بلاگ عثمانی دارالافتاء کے فتاوی اور مضامین گذرتے ہوں گے۔ گذشتہ مہینے اگست میں فتوی نویسی اور اصلاحی مضامین کے اس مبارک اور مفید سلسلہ کو الحمدللہ چھ سال کا عرصہ ہوچکا ہے۔ لہٰذا اس موقع پر مناسب معلوم ہوتا ہے کہ آن لائن دارالافتاء اور بلاگ کے وجود میں آنے کی وجوہات اور اس سلسلے میں جو کام ہوئے ہیں وہ آپ حضرات کی بصارتوں کے حوالے کردئیے جائیں تاکہ آپ حضرات کی خصوصی دعاؤں سے یہ سلسلہ عافیت کے ساتھ مزید دراز ہوتا رہے۔

معزز قارئین! اس علمی، فقہی اور مفید سلسلہ کی شروعات کچھ اس طرح ہوئی تھی کہ ہمارے ایک رفیق مولانا نعیم الرحمن صاحب ملی ندوی نے اگست 2016 میں ایک واٹس اپ گروپ بنام دارالافتاء تشکیل دیا۔ اس گروپ میں آپ نے چند سنجیدہ افراد کو شامل کیا اور ساتھ میں ہی چند مفتیان کرام کو بھی شامل کرلیا۔ اور اس کے اصول وضوابط یہ طے کیے گئے کہ جن اراکین کو کوئی فقہی مسئلہ درپیش ہو وہ گروپ میں لکھ کر ارسال کردے گا جس کا جواب گروپ میں موجود مفتیان کرام اپنی سہولت سے مختصر انداز میں ان شاء اللہ دے دیں گے۔ یہ سلسلہ چند مہینوں تک چلتا رہا، ابتداء میں بندہ جوابات اس طرح دیا کرتا تھا کہ مطبوعہ فتاوی کے اسکرین شاٹ لے کر گروپ میں ارسال کردیا کرتا تھا، اس کے بعد مختصر انداز میں جواب لکھنے کی کوشش کی گئی، اس کے بعد جب مزید کچھ ہمت اور مہارت ہوئی تو مدلل جواب لکھنے کی سعی کی گئی جس کی تصدیق و تائید گروپ میں موجود دیگر جید اور تجربہ کار مفتیان کرام کی طرف سے ہوتی رہی۔ اور انہیں کی طرف سے یہ کہا گیا تھا آپ اچھے انداز سے گروپ کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں، لہٰذا آپ اس مبارک سلسلے کو جاری رکھیں اور محنت کرتے رہیں ان شاءاللہ آپ کو بھی فائدہ ہوگا اور دوسروں کو دین کا علم سیکھنے میں آسانی ہوگی۔ چنانچہ ہم نے اللہ تعالیٰ کی توفیق سے مدلل جوابات لکھنے کو اپنی مصروفیات کا ایک حصہ بنالیا جس کا سلسلہ الحمدللہ تا حال جاری ہے۔

اور ہمارے گروپ دارالافتاء کی یہ ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ کسی کو بھی اس کی مرضی کے بغیر شامل نہیں کیا جاتا، بلکہ جو خود سے شامل ہونا چاہے اس کا مکمل تعارف لے کر شامل کیا جاتا ہے اور گروپ کے اصول وضوابط پرعمل کا انہیں پابند بنایا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ سالوں سے ہمارا گروپ بغیر کسی اختلاف اور انتشار کے عافیت کے ساتھ جاری وساری ہے۔ اور اس کا دائرہ بڑھ کر ایک گروپ سے چار گروپ ہوگئے ہیں جس میں ایک ہزار سے زائد اراکین ہیں، گروپ کے اصول وضوابط درج ذیل ہیں۔

🌴🌴🌴🌴🌴🌴🌴🌴
             🌹 باسمه تعالى شأنه 🌹

    🌹 *دارالافتاء واٹس ایپ گروپ* 🌹

✍🏻 *فاسئلوا أهل الذکر إن كنتم لا تعلمون* (القرآن)
ترجمہ : سو تم اہل علم سے پوچھ لو اگر تم نہیں جانتے۔ 
          
     السلامُ علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
      
محترم اراکین !
گروپ کے *اصول و ضوابط جن کی بجا آوری انتہائی ضروری ہے* کچھ  اس👇🏻 طرح ہیں۔

1⃣ *سوالات فقہ و فتاویٰ سے متعلق ہوں، اسی طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی طرف منسوب روایات کی تحقیق بھی کروائی جاسکتی ہیں۔*
(اس کے علاوہ اور کچھ بھی ارسال نہ کیا جائے، البتہ منتظمین کو اختیار ہوگا کہ اپنی طرف سے آپ حضرات کے استفادہ کے لیے کوئی مفید اور اہم تحریر ارسال کردیں)

2⃣ نئے چاند کی اطلاع بھی دی جاسکتی ہے، لیکن اطلاع صرف جمعیت علماء مالیگاؤں کی قابلِ قبول ہوگی۔

3⃣ *علمی و فقهی افادہ و استفادہ ہی پیشِ نظر رہے۔* ( آپسی رنجش و چپقلش بحث و تکرار کا باعث نہ بنے)

4⃣ سوالات کے جوابات حتی الامکان مستند کتب فقہ ومطبوعہ فتاوی کی روشنی میں *مع حوالہ* دئیے جائیں گے۔ انشاءاللہ

5⃣ سوال کرنے کے بعد انتظار کیا جائے، اس لیے کہ باحوالہ جوابات کے لئے کتابوں کی طرف رجوع کرنا پڑتا ہے جو کہ وقت چاہتا ہے، اسی طرح مفتیان کرام کی اپنی ذاتی مصروفیات بھی ہوتی ہیں۔ جواب مل جانے کے بعد جزاک اللہ وغیرہ کہہ دیں تاکہ جواب دینے والے مفتی صاحب کو اطمینان ہوجائے، اور یہ سنت بھی ہے۔

6⃣ *اگر کسی جواب کے کسی حصے پر کوئی اشکال ہو یا قابل اصلاح بات نظر آئے تو جواب دینے والے مفتی صاحب کا پورا ادب واحترام ملحوظ رکھتے ہوئے ان کے پرسنل نمبر پر رابطہ کریں۔*

7⃣ *حلقہ میں آئے ہوئے جوابات اور مضامین کا بغور مطالعہ ضرور کریں۔ اگر ہمیں ایسا لگے گا کہ آپ کو صرف اپنے سوال سے مطلب ہے اور آپ وہی سوال کررہے ہیں جو حلقہ میں آچکا ہے تو اندیشہ ہے کہ آپ کو رخصت کردیا جائے گا۔ اس لئے کہ حلقہ اس لیے تشکیل دیا گیا ہے کہ ایک رکن کو دیا گیا جواب حلقہ میں موجود تمام اراکین کو کافی ہوجائے۔ بار بار ایک ہی سوال ہونے کی صورت میں ہمارا وقت اور محنت ضائع ہوتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔*

8⃣ *رومن اردو سے حتی الامکان پرہیز کریں۔* (بحالت مجبوری بصورت آڈیو سوال پوچھیں یا ایزی کیبورڈ کا استعمال کریں، اگر کوئی ان سب پر قادر نہ ہوتو ایسے شخص کے رومن اردو میں کئے گئے سوالات بھی قابل قبول ہوں گے)

9️⃣ حلقہ میں کسی کو شامل کرنے کے لیے ہمارے پرسنل نمبر 9270121798 پر ان کا نمبر مع تعارف ارسال کریں۔ حلقہ میں ارسال نہ کریں۔

🔟 *ملکی قوانین کا لحاظ رکھتے ہوئے ملک و ملت کے وسیع ترین مفاد کے پیش نظر قابلِ مواخذہ کوئی کام نہ کیا جائے۔*

       انتباہ ⚠ 🚨🚨🚨☠

*بے اصولی پر فوری کاروائی 🏌🗑 کی جائے گی*

                                فقط
                      ✍🏻  منتظمین حلقہ
    🌸🌸🌸🌸

محترم قارئین! درمیان میں ایک رائے یہ آئی تھی کہ واٹس اپ پر فتاوی ارسال کرنے میں تحریف کا اندیشہ ہے، لہٰذا بلاگ بناکر اس میں فتاوی محفوظ کرکے اس کی لنک واٹس اپ گروپ میں ارسال کی جائے تاکہ تحریر تحریف سے محفوظ رہے اور جواب کی حیثیت ایک دارالافتاء سے دئیے گئے فتوی کی ہو جیسا کہ ازہر ہند دارالعلوم دیوبند سمیت متعدد اداروں کا طریقہ کار ہے۔ لہٰذا اکتوبر 2018 میں گوگل بلاگ بنایا گیا۔ اور اس پر تحریر ارسال کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ تقریباً دو سال تک معاملہ اس طرح چلتا رہا ہے کہ سوال جواب دونوں ہی باہر ارسال کیے جاتے تھے ساتھ میں بلاگ کی لنک بھی چسپاں ہوتی تھی۔ لیکن پھر بعض ماہرین اور خیرخواہوں کی آراء اور مشورہ سے یہ کیا گیا کہ صرف سوال باہر ہوتا ہے، جواب پڑھنے کے لیے آپ کو بلاگ اوپن کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ جس کے متعدد فوائد ہیں جو درج ذیل ہیں۔

بلاگ پر جانے کے لیے آپ کو صرف ایک کلک کرنا ہے جو آپ کو متعدد کلک یعنی read more اور scroll یعنی تحریر کو اوپر نیچے کرنے سے بچا سکتا ہے۔ پھر تحریر کو وہیں چھوٹا بڑا کرکے پڑھا جاسکتا ہے۔ تحریر تحریف سے محفوظ رہتی ہے۔ بوقت ضرورت جواب میں مفید اضافہ املا کی غلطیوں وغیرہ کی تصحیح بھی ہوتی رہتی ہے۔ جبکہ واٹس اپ پر براہ راست کوئی تحریر بھیجی جائے اور اس میں کہیں کوئی غلطی ہوجائے تو وہ تحریر اسی غلطی کے ساتھ چلتی رہتی ہے۔ بلاگ کی حیثیت مفتی کے لیٹر پیڈ کی ہے، اور وہ اپنے بلاگ پر موجود تحریر کا ذمہ دار ہوگا، اس کے علاوہ اگر تحریر کو کہیں اور کاپی کرکے شیئر کیا گیا تو مفتی اس کا ذمہ دار نہیں ہے۔ اسی طرح بوقت ضرورت ہمارے فتاوی اور مضامین کی تلاش کے لیے آپ کو ہم سے رابطہ کرنے کی زحمت اٹھانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ آپ خود بھی انہیں تلاش کرسکتے ہیں، اس کی شکل یہ ہے کہ آپ بلاگ پر موجود ہوم پیج کی بٹن پر کلک کریں، یہاں آپ کو سرچ کا خانہ بھی مل جائے گا جس میں آپ کوئی لفظ ٹائپ کرکے فتوی یا مضمون حاصل کرسکتے ہیں، مثلاً آپ یہاں سجدہ لکھیں گے تو جتنے فتاوی اور مضامین میں لفظ سجدہ موجود ہوگا وہ سب آپ کے سامنے آجائے گا اور آپ قدیم اشاعتیں نامی بٹن پر کلک کرکے قدیم فتاوی اور مضامین دیکھ سکتے ہیں، اسی طرح تمام جوابات فولڈر وائز بھی موجود ہیں، یعنی نماز کے فولڈر میں نماز سے متعلق تمام جوابات اور زکوٰۃ کے فولڈر میں زکوٰۃ سے متعلق مسائل موجود ہیں۔

ایک بڑا فائدہ یہ بھی ہے کہ گوگل پر سرچ کرنے والوں کو بھی ہماری تحریر مل جاتی ہے۔ جس سے تحریر کی افادیت کا دائرہ کار بہت بڑھ جاتا ہے۔ اگر لنک گوگل کروم سے کھولی جائے تو اسے وہیں پر دیگر زبانوں مثلاً ہندی، انگریزی میں بھی منتقل کرکے پڑھا جاسکتا ہے جو غیر اردو داں طبقہ کے لیے ان شاء اللہ مفید ثابت ہوگا۔

الحمدللہ ہمارے عثمانی دارالافتاء (بلاگ) پر مدلل اور عموماً اصولی جوابات 1600 سولہ سو سے زائد ہوچکے ہیں۔ اسی طرح دو سال کے اس عرصہ میں بلاگ پر وویوز کی تعداد 02 million (بیس لاکھ) سے تجاوز کرچکی ہے۔

آن لائن دارالافتاء کے ذریعے علمی واصلاحی کوشش کے بخیر و عافیت چھ سال ہوچکے ہیں، جس پر ہم سب سے پہلے اللہ رب العزت کے شکرگذار ہیں کہ اسی کی توفیق و عنایت سے ہمارا یہ علمی سفر یہاں تک پہنچا۔ اس کے بعد حلقہ کے منتظم اساسی مولانا نعیم الرحمن صاحب ملی کے تہہ دل سے ممنون و مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمیں عوام الناس کی خدمت کرنے اور اپنے مطالعہ کو مزید وسیع کرنے کے لئے ایک نیا پلیٹ فارم بنام دارالافتاء واٹس ایپ گروپ مہیا کیا، اللہ تعالٰی انہیں خوب خوب جزاء عطا فرمائے، حلقہ سے جو بھی خیر وجود میں آئے گا، یقیناً آپ کا اس میں حصہ ہوگا، اور آپ اس کے اجر کے مستحق ہوں گے۔

اسی طرح استاد محترم حضرت مولانا جمال عارف صاحب ندوی دامت برکاتہم کے بھی شکر گذار ہیں کہ حضرت مولانا اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود حلقہ میں دلچسپی لیتے ہیں، اور وقتاً فوقتاً رہنمائی بھی فرماتے رہتے ہیں۔

حلقہ کے سرپرست اعلی مفتی مسعود اختر صاحب قاسمی کے بھی ممنون ہیں کہ آنمحترم سے جب بھی علمی تعاون کی درخواست کی گئی، آپ کا تعاون کامل ہمارے ساتھ رہا۔

شہر عزیز کے دیگر معتبر و مؤقر مفتیان عظام، علماء کرام اور خواص شہر بالخصوص استاذ محترم مولانا ادریس عقیل صاحب ملی، مفتی رئیس صاحب، مولانا امتیاز اقبال صاحب، مولانا عمران اسجد صاحب ندوی، مولانا سراج صاحب ملی ندوی (قلعہ) حافظ انعام الرحمن ناولٹی، ایڈووکیٹ مومن مجیب، ایڈووکیٹ مومن مصدق، حاجی ظفراللہ، ابراہیم اعجاز سر، عمران الحسن سر، ڈاکٹر آصف سلیم، ڈاکٹر عتیق فہمی، ڈاکٹر مختار انصاری (سابق ہیلتھ آفیسر) ڈاکٹر وصی (یشفین ہاسپٹل) ڈاکٹر زبیر (اقرأ ٹولس) ورفقاء کے مشکور ہیں کہ آپ حضرات کی حلقہ میں موجودگی اور دلچسپی ہمیں حوصلہ دیتی ہے۔

اسی طرح دیگر معزز اراکین جن میں علماء کرام، مفتیان عظام، ائمہ کرام، ڈاکٹر، ٹیچر، انجینئر اور صنعت کار اور عام شہریان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ حلقہ کو باوقار اور سنجیدہ بنانے میں آپ حضرات کا تعاون ہمارے ساتھ رہا، آئندہ بھی آپ سے یہی امید کرتے ہیں۔

فتاوی اور اصلاحی مضامین (خواہ وہ بندے کے ہوں یا اور کسی عالم کے) کو دینی خدمت سمجھ کر واٹس اپ گروپوں میں شیئر کرنے والے احباب بالخصوص انصاری ضیاء الرحمن مسکان، انصاری اسامہ اور علاؤ الدین للے صاحبان کے بھی مشکور ہیں۔ اللہ تعالٰی ان تمام کی ان محنتوں کو قبول فرمائے اور اس عمل کو ان کی مغفرت کا ذریعہ بنادے۔

اخیر میں آپ حضرات سے درخواست ہے کہ آپ پابندی سے جوابات اور مضامین کا مطالعہ کریں اور انہیں بلاگ سے ہی پڑھیں گے اور اسے اسی طرح ثواب کی نیت سے شیئر بھی کریں گے، کیونکہ خیر کی رہنمائی کرنے والا اس کے کرنے والے کی طرح ہے۔ لہٰذا خود بھی اپنے اعمال اور عقائد درست کریں اور بیٹھے بٹھائے ثواب حاصل کرنے کی کوشش کریں۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو دین سیکھنے سکھانے اور اس پر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

14 تبصرے:

  1. اللہ آپ کی کاوشوں کو قبول فرمائے آسانیاں عطا فرمائے اور صلاحیتوں میں اضافہ فرمائے آمین ثم آمین

    جواب دیںحذف کریں
  2. ماشاء اللہ ، اللہ تعالیٰ آپ کی کوشیشوں کو قبول فمایئے، استقامت کے ساتھ اس محنت کو جاری رکھنے کی قوت عطا فرمائے ۔ ہم نا اہل کی آپ جیسے علماء کی رہبری ہمیشہ عطا فرمائے۔ آپکی محنتوں کا دونوں جہاں میں بہترین جزا عطا فرمائے۔
    آمین

    جواب دیںحذف کریں
  3. اللہ رب العزت آپ کی محنت کو قبول فرماے

    جواب دیںحذف کریں
  4. اللہ تعالیٰ آپ کو اور معاونین کو بہترین جزاے خیر عطافرمائے اور مزید کامیابیاں عطا فرمائے ۔ آمین یارب العالمین

    جواب دیںحذف کریں
  5. اللہ رب العزت اس کا صلہ آپ کو آپ کے والدین کو آپ کے اساتذہ اکرام اور معاونین کو اور آپ کی نسلوں کو تا قیامت تک عطاء فرمائے اور شیطان کے مکر و فریب سے نظر بد سے حفاظت فرمائے آمین یا رب العالمین

    جواب دیںحذف کریں
  6. السلام علیکم اللہ آپ کے علم میں روزی میں اور عمر میں برکت عطا کرے آمین ثم آمین

    جواب دیںحذف کریں
  7. الحمد للہ، دیکھتے ہی دیکھتے چھ سال سال گزر گئے. ماشاءاللہ ان ایام میں آپ نے بلا ناغہ اور بلا خوف و خطر صرف اللہ پاک کی رضا کی خاطر دین و شریعت کی روشنی میں پوچھے گئے سوالات کا جواب دیا ہے. آپ کے دارالافتاء کی اہمیت اس بات سے لگائی جاسکتی ہے کہ اب دوسرے مسالک کے احباب بھی کچھ معاملہ درپیش ہو تو کہہ دیتے ہیں کہ ذرا تمھارے دارالافتاء میں مفتی عامر صاحب سے پوچھیں تو ....
    اور سب سے بڑی بات، فی سبیل اللہ یہ کام ہو رہا ہے

    جواب دیںحذف کریں
  8. اللہ پاک آپ کو صحت وتندرستی عطا فرماۓ

    جواب دیںحذف کریں
  9. اللّٰه تعالیٰ آپ کے علم میں عافیت کے ساتھ مزید اضافہ فرمائیں

    جواب دیںحذف کریں
  10. الحمدللہ.
    سن 2016 میں حافظ نعیم الرحمن ندوی صاحب جو کہ ہمارے دیرینہ رفیق اور خیر خواہ ہیں، ہمارے ساتھ مسجد حاجی عبدالروف گلشن عبدالمالک میں رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف ساتھیوں میں تھے وہیں پر دارالافتاء گروپ کی تشکیل کی گئی تھی.
    اللہ پاک کا کرم ہے کہ دارالافتاء گروپ کامیابی سے ساتھ جاری ہے. عامتہ المسلمین کا بڑا طبقہ دین و شریعت کی روشنی میں فتاوی سے استفادہ کررہے ہیں، اللہ پاک آپ تمام اراکین کے مساعی جمیلہ کو قبول فرمائے اور بہترین جزاے خیر عطا فرمائے آمین ثم آمین.
    ڈاکٹر مختار احمد انصاری

    جواب دیںحذف کریں
  11. ماشاء اللہ
    ﷲ پاک آپ کی اس نیک کام کو شرف قبولیت بخشے اور ﷲ پاک اپنی مدد حال تاعمر قائم و دائم رکھے اور امت کی بھلائی اور رہنمائی کا کام لیتا رہے.
    ﷲ پاک آپ کو درازی عمر کے ساتھ عمر میں برکت عطا فرمائے.

    جواب دیںحذف کریں
  12. ماشاءاللہ ،باری تعالیٰ آپ کی خدمات قبول فرمائے آمین

    جواب دیںحذف کریں
  13. ماشاء اللہ لا قوۃ الا باللہ
    اللہ تعالٰی شرف قبولیت سے نوازے

    جواب دیںحذف کریں