جمعرات، 23 دسمبر، 2021

میری کرسمس کہنا اور اس کی تقاریب میں شرکت کرنا


سوال :

کیا فرماتے ہیں علماء دین ومفتیان شرع متین درمیان مسئلہ ھذا کے کہ میری کرسمس کہنا کیسا ہے؟ کیا یہ کفر ہے؟ اس کی مبارکباد دینے کا کیا حکم ہے؟ کرسمس کے دن چرچ جاکر عیسائیوں کے اعمال وغیرہ کو دیکھنا کیسا ہے؟ جواب عنایت فرمائیں۔
(المستفتی : شیخ سلمان، بمبئی)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : Merry Christmas کا مطلب یہ ہے کہ عیسی علیہ السلام کا یوم پیدائش مبارک ہو۔ اور عیسائی معاذ اللہ حضرت عیسٰی علیہ السلام کو اللہ کا بیٹا مانتے ہیں، اور 25 دسمبر کو حضرت عیسٰی پیدائش کی خوشی میں تہوار مناتے ہیں۔ جس سے یہ بات بالکل واضح ہوگئی کہ عیسائیوں کا کرسمس نامی تہوار ان کے مشرکانہ اور کفریہ عقائد پر مبنی ہے۔ لہٰذا اس کی مبارکباد دینا اگرچہ کفر نہیں ہے۔ لیکن ناجائز اور حرام ضرور ہے جس سے بچنا مسلمانوں کے لیے لازم ہے۔

کرسمس کے موقع پر چرچ جانا اور ان کے اعمال و افعال کو دیکھنا حدیث شریف " من کثر سواد قوم فہو منہم‘‘۔(کنز العمال ۹؍۲۲ رقم : ۲۴۷۳۵) یعنی جو شخص کسی قوم کی تعداد میں اضافہ کا سبب بنا اس کا شمار اسی قوم میں ہوگا) کی وعید میں داخل ہوگا۔ نیز اس میں گناہ کو دیکھنا پایا جاتا ہے، جب کہ گناہ کو دیکھنا بھی گناہ ہے۔

حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا فرمان ہے کہ عجمیوں کے اسلوب اور لہجے مت سیکھو، اور مشرکین کے یہاں اُن کے گرجوں میں ان کی عید کے دن مت جاؤ، کیونکہ ان پر اﷲ کا غضب نازل ہوتا ہے۔

معلوم ہوا کہ کرسمس کے موقع پر چرچ جانا اور ان کی مذہبی تقاریب کو دیکھنا ان کے تہوار کی رونق میں اضافہ کا سبب ہوگا جو بلاشبہ ناجائز اور گناہ کا کام ہے جس سے اجتناب کرنا ضروری ہے۔

عن ابن عمر قال قال رسول اﷲﷺ من تشبہ بقوم فھو منھم۔ (سنن ابی داؤد : ۲۰۳/۲)

عن ابی موسی قال المرأ مع من احب۔ (صحیح ابن حبان : ۲۷۵/۱)

لا تَعَلَّمُوْا رَطَانَۃَ الأعَاجِمِ، وَلا تَدْخُلُوْا عَلیٰ الْمُشْرِکِیْنَ فِیْ کَنَائِسِھِمْ یَوْمَ عِیْدِھمْ فَإنَّ السُّخْطَةَ تَنْزِلُ عَلَیْهِمْ۔ (اقتضاء الصراط المستقیم : ١/٥١١)

اجتمع المجوس یوم النیروز فقال مسلم : خوب رسمے نہادہ اند، أو قال : ’نیک آئیں نہادہ اند‘ یخاف علیہ الکفر۔ (الفتاوی التاتارخانیة : ۷/ ۳۴۸، مکتبہ زکریا دیوبند)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
18 جمادی الاول 1443

1 تبصرہ:

  1. شیخ عارف ندوی، مالیگاؤں21 دسمبر، 2023 کو 9:28 PM

    اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے اور اپنے دین کی نشرواشاعت کا خوب کام لے.. آمین

    جواب دیںحذف کریں