پیر، 13 جون، 2022

دوسروں کا غصہ بیوی پر اتارنا اور اسے گالی دینا

سوال :

مفتی محترم بیوی کو ماں باپ کی گالیاں دینے اور بلا وجہ باہر کا غصہ بیوی پر اتارنے پر احادیث مبارکہ میں کیا وعیدیں آئی ہیں؟ اگر ہیں تو تفصیلی جواب مرحمت فرمائیں۔
(المستفتی : محمد حارث، مالیگاؤں)
----------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : احادیث مبارکہ میں بطور خاص بیوی کو گالی دینے پر تو کوئی مخصوص وعید وارد نہیں ہوئی ہے۔ البتہ گالی دینا مطلقاً ناجائز اور گناہ کی بات ہے کیونکہ جسے گالی دی جائے اس کی عزتِ نفس مجروح ہوتی ہے، اور اس کی ایذا کا سبب بھی ہوتا ہے جس کی وجہ سے یہ عمل ناجائز اور حرام ہے۔ نیز احادیث میں بھی اس پر سخت وعید وارد ہوئی ہے۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے گالی گلوچ کو منافق کی نشانی قرار دیا ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا : منافق کی چار نشانیاں ہیں۔ جب بولے جھوٹ بولے، وعدہ کرے تو خلاف ورزی کرے، امین بنایا جائے توخیانت کرے اور جب جھگڑا ہوجائے تو گالی گلوچ پر اتر آئے۔

ایک روایت میں آپ صلی اللہ علیہ و سلم کا ارشاد ہے کہ مومن کو گالی دینا فسق اور اس سے قتال کرنا کفر ہے۔

اللہ تعالیٰ نے میاں بیوی کو ایک دوسرے کے سکون کا ذریعہ قرار دیا ہے۔ اور شوہر کو بیوی کے ساتھ نرمی کا معاملہ کرنے کا حکم دیا۔ یہاں تک کہ خود بیوی سے بشری تقاضہ کے تحت کوئی غلطی ہوجائے تب بھی اسے گالی دینا جائز نہیں ہے تو پھر دوسروں کا غصہ بیوی پر اتارنا اور بلاوجہ اسے ماں باپ کی گالیاں دینا تو انتہائی گھٹیا حرکت، ظلم در ظلم اور گناہ کبیرہ ہوگا۔

عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ أَرْبَعٌ مَنْ کُنَّ فِيهِ کَانَ مُنَافِقًا خَالِصًا وَمَنْ کَانَتْ فِيهِ خَصْلَةٌ مِنْهُنَّ کَانَتْ فِيهِ خَصْلَةٌ مِنْ النِّفَاقِ حَتَّی يَدَعَهَا إِذَا اؤْتُمِنَ خَانَ وَإِذَا حَدَّثَ کَذَبَ وَإِذَا عَاهَدَ غَدَرَ وَإِذَا خَاصَمَ فَجَرَ۔ (صحیح البخاری، رقم : ٣٤)

عنِ ابنِ مَسعودٍ قَالَ : قَالَ رسُولُ اللَّه ﷺ: سِباب المُسْلِمِ فُسوقٌ، وقِتَالُهُ كُفْرٌ متفقٌ عَلَيهِ۔ (صحيح البخاری، رقم : ٥٦٩٧)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
12 ذی القعدہ 1443

5 تبصرے:

  1. Assalamualaikum Mera Ek Masla Hai Magar Mai Urdu Me Nahi Likh Sakta Hu Mai Aap Se Ye Puchna Chahta Hu Ke Agar Koi Shadi Shuda Aurat Kisi Gair Mard Se Phone Par Baat Chit Karti Hai Ishk Karti Hai Kisi Se To Uske Shohar Ko Kiya Karna Chahiye

    جواب دیںحذف کریں