پیر، 7 نومبر، 2022

صحافت (Journalism) کی شرعی حیثیت

سوال :

محترم مفتی صاحب! صحافت کے تعلق سے شریعت میں کیا رہنمائی کی گئی ہے؟ کیونکہ بعض صحافی سیاسی معاملوں میں جانبداری سے کام لیتے ہیں۔ پسند اور نا پسند کو ترجیح دی جاتی ہے۔ جواب عنایت فرمائیں اور عنداللہ ماجور ہوں۔
(المستفتی : محمد عمران، مالیگاؤں)
----------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : صحافت ایک انتہائی باوقار اور ذمہ دارانہ پیشہ ہے۔ صحافی کے لیے لازم ہے کہ وہ دیانت داری کے ساتھ سچی اور صحیح معلومات دے۔ خبروں اور دوسرے مواد میں اپنی پسند اور نا پسند کے مطابق رنگ آمیزی نہ کرے۔کسی خاص نقطۂ نظر کی تشہیر کے لیے اطلاعات کو مسخ نہ کرے۔ سنسنی خیزی کے لیے واقعات کی صحت کو مجروح نہ کرے۔قارئین و ناظرین کو گمراہ نہ کرے۔ آزادی کے ساتھ کام کرے، خوف اور لالچ کو قریب نہ بھٹکنے دے۔ وسیع تر قومی و ملکی مفادات کو ملحوظ رکھے۔ اگر اس سے کوئی غلطی ہوجائے تو اس کو چھپانے یا اس پر اصرار کے بجائے اس کا اعتراف کرے اور اس کا ازالہ کرے۔ (من شاہ جہانم : 56)

معلوم ہوا کہ اگر کوئی شخص مذکورہ بالا صفات کا حامل ہوتو وہ صحافی کہلاسکتا ہے۔ اور ایسا شخص عنداللہ بھی اجرِ عظیم کا مستحق ہوگا کیونکہ وہ ایسے اعمال انجام دے رہا ہے جو اسلام میں بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔

لیکن موجودہ دور کی صحافت بالخصوص الیکٹرانک میڈیا پر اگر سَرسَری نگاہ بھی ڈالی جائے تو ہمیں باآسانی یہ معلوم ہوجائے گا کہ صحافت کا ایک بڑا طبقہ اپنے مقاصد سے کوسوں دور جاچکا ہے، ان کا مقصد صرف بر سرِاقتدار یا پھر اپنے پسندیدہ لیڈر کی خوشامد اور چاپلوسی کرکے اپنا ذاتی مفاد حاصل کرنا بن چکا ہے جو بلاشبہ شرعاً بھی ناجائز اور حرام کام ہے۔ کیونکہ ایسا کرنے میں انہیں جھوٹ، دھوکہ، بہتان اور تہمت وغیرہ جیسے سنگین اور کبیرہ گناہوں کا ارتکاب کرنا پڑتا ہے۔ ایسا شخص جرنلزم کی دنیاوی ڈگری حاصل کرکے اپنے آپ کو صحافی تو لکھ اورسمجھ سکتا ہے، لیکن حقیقت میں وہ قلم فروش اور کسی سیاسی پارٹی کا ورکر ہوتا ہے۔

قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم : إياكم والكذب فإن الكذب يهدي إلى الفجور وإن الفجور يهدي إلى النار وما يزال الرجل يكذب ويتحرى الكذب حتى يكتب عند الله كذابا۔ (بخاری ومسلم)

حَدَّثَنَا آدَمُ بْنُ أَبِي إِيَاسٍ قَالَ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي السَّفَرِ وَإِسْمَاعِيلَ عَنْ الشَّعْبِيِّ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو عَنِ النَّبِيِّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ الْمُسْلِمُ مَنْ سَلِمَ الْمُسْلِمُونَ مِنْ لِسَانِهِ وَيَدِهِ۔ (بخاری)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
10 ربیع الآخر 1444

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں