مغرب کے وقت کھانا کھانے کا حکم
سوال :
جمعرات کو مغرب کے وقت مردوں کو کھانا تقسیم ہوتا ہے؟ بڑے بوڑھے اسوقت بچوں کو کھانا دینے سے منع کرتے ہیں۔ اس کی کیا حقیقت ہے؟
(المستفتی : ڈاکٹر طارق، مالیگاؤں)
-----------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : غیر روزہ دار کے لیے کسی بھی وقت کھانے کی ممانعت نہیں ہے، جب بھوک لگے وہ کھانا کھا سکتا ہے۔ چنانچہ حدیث شریف میں آیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا : جب شام کا کھانا حاضر ہو جائے تو مغرب کی نماز سے پہلے کھانا کھا لو اور اپنا کھانا چھوڑ کر نماز کی طرف جلدی مت کرو۔
مطلب یہ ہے کہ جب کھانا حاضر ہو جائے اور نماز کا وقت بھی قریب آ جائے تو نماز پڑھنے سے قبل کھانے کو تناول کرلو اگر چہ نماز کا وقت تھوڑا یا محدود وقت ہو جیسا کہ نماز مغرب ہے، تاکہ نمازی کا ذہن کھانے میں مشغول نہ رہے۔ حضرت ابو درداء رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ انسان کی عقلمندی اسی میں ہے کہ پہلے وہ اپنی حاجت پوری کر لے تاکہ جب وہ نماز میں کھڑا ہو تو اس کا دل فارغ ہو۔
مسئلہ ھذا میں دارالعلوم دیوبند کا فتویٰ ملاحظہ فرمائیں :
میرے گھر پر ایک مہمان عصر کی نماز کے بعد میں آیا ۔ہم نے اس کو ناشتہ دیا تواس نے منع کردیا اور کہا کہ اگر میں کھالیتا ہوں تو میری اولاد جو انتقال کرگئی ہے اس کو رزق نہیں ملے گا۔ میں نے وجہ پوچھی تو اس نے بتایا کہ کسی جماعتی نے کہا کہ اگر تم عصر سے مغرب کے بیچ میں کھا لو گے تو آپ کی اولاد کو جنت میں رزق نہیں ملے گا۔ برائے کرم اس جہالت والی بات کا تفصیل سے جواب دیں۔
بسم الله الرحمن الرحيم
شریعت سے ایسی کوئی بات ثابت نہیں ہے کہ عصر سے مغرب کے بیچ کھانا، یہ اولاد فوت شدہ کے لیے جنت میں رزق سے محرومی کا سبب ہے۔ یہ محض جہالت کی بات ہے، اغلاط العوام میں سے ہے، اس کی کوئی اصل نہیں۔ (رقم الفتوی : 9217)
معلوم ہوا کہ مغرب کے وقت کھانا کھانے میں شرعاً کوئی قباحت نہیں ہے، اس وقت مُردوں کو کھانا دیا جاتا ہے، یہ بات بالکل بے بنیاد اور من گھڑت ہے، لہٰذا ایسے بے بنیاد عقیدہ کا ترک کرنا ضروری ہے۔
عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : إِذَا قُدِّمَ الْعَشَاءُ فَابْدَءُوا بِهِ قَبْلَ أَنْ تُصَلُّوا صَلَاةَ الْمَغْرِبِ وَلَا تَعْجَلُوا عَنْ عَشَائِكُمْ۔ (صحیح البخاری، رقم : ٦٧٢)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
20 محرم الحرام 1448
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں