فارماسسٹ کے لیے پانچ لاکھ کی بیمہ پالیسی؟
سوال :
فارماسسٹ سرکشا کوچ یوجنا مہاراشٹر میں تمام رجسٹرڈ فارماسسٹ کے لیے لاگو کیا گیا ہے۔ یہ اسکیم مہاراشٹر کے تمام رجسٹرڈ فارماسسٹ کے لیے مفت میں ہے۔ اس اسکیم کے تحت 5 لاکھ روپے کا حادثاتی بیمہ۔ فارماسسٹ کی حادثاتی موت پر اس کے ورثاء (Nominee) کو ملے گا۔
مفتی صاحب اِس اسکیم میں کوئی پیسہ نہیں بھرنا ہوگا صرف آن لائن فارم بھرنے کا پیسہ لگے گا اُس کے علاوہ کوئی چارج نہیں ہے۔ تو یہ اسکیم لینا شرعاً کیسا ہے؟ رہنمائی فرمائیں۔
(المستفتی : محمد عاصم، مالیگاؤں)
------------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : صورتِ مسئولہ میں اگر واقعی یہی بات ہے کہ اس اسکیم کو حاصل کرنے کے لیے کوئی رقم نہیں بھرنا ہے تو چونکہ اسکیم میں حصہ لینے والے کا کوئی پیسہ داؤں پر نہیں لگا ہے، جس کی وجہ سے اس میں جوئے یا سود کا کوئی معاملہ نہیں بنے گا، بلکہ اسے حکومت کی جانب سے امداد اور احسان کہا جائے گا، لہٰذا یہ اسکیم لینا شرعاً جائز ہے۔
قَالَ الْفَقِيهُ أَبُو اللَّيْثِ رَحِمَهُ اللَّهُ تَعَالَى اخْتَلَفَ النَّاسُ فِي أَخْذِ الْجَائِزَةِ مِنْ السُّلْطَانِ قَالَ بَعْضُهُمْ يَجُوزُ مَا لَمْ يَعْلَمْ أَنَّهُ يُعْطِيهِ مِنْ حَرَامٍ قَالَ مُحَمَّدٌ رَحِمَهُ اللَّهُ تَعَالَى وَبِهِ نَأْخُذُ مَا لَمْ نَعْرِفْ شَيْئًا حَرَامًا بِعَيْنِهِ، وَهُوَ قَوْلُ أَبِي حَنِيفَةَ رَحِمَهُ اللَّهُ تَعَالَى وَأَصْحَابِهِ، كَذَا فِي الظَّهِيرِيَّةِ۔ (الفتاویٰ الہندیۃ : ٥/٣٤٢)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
08 صفر المظفر 1448
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں