تیرے جنازہ میں نہیں آؤں گا اور میرے جنازہ میں تو مت آنا
سوال :
محترم مفتی صاحب! بہت سارے خاندانی جھگڑے میں اکثر اس طرح کے جملے لوگ اپنے بھائی کے لیے، رشتے دار کے لیے یا کسی کاروباری رقابت کے پیش نظر، ایکدوسرے کے لیے یہ الفاظ "تیرے جنازہ میں نہیں آؤں گا اور میرے جنازہ میں تو مت آنا" استعمال کر دیتے ہیں. کیا یہ مناسب ہے؟
اور اگر کسی نے وصیت کے ذریعے یا مرتے وقت یہ کہہ دیا کہ میری میت میں فلاں کو مت بلانا، تو کیا رشتہ داروں کے لیے مرحوم کی اس وصیت پر عمل کرنا ضروری ہے؟
(المستفتی : عمران الحسن، مالیگاؤں)
------------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان پر حق ہے کہ جب وہ انتقال کرجائے تو اس کے جنازے میں شریک ہو اور یہ بڑے اجر وثواب کا کام ہے۔ حدیث شریف میں آیا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : جو شخص جنازہ کے ساتھ چلا اور اس پر نماز پڑھی تو اس کو ایک قیراط کے برابر ثواب ملے گا اور جو شخص میت کی تدفین تک جنازہ کے ساتھ رہا تو اس کو دو قیراط کے برابر ثواب ملے گا۔ اور یہ قیراط ایسے ہیں کہ ان میں سے چھوٹا قیراط بھی احد پہاڑ جیسا ہے۔
لہٰذا کسی اختلاف اور تنازعہ کی وجہ سے کسی مسلمان بلکہ قریبی رشتہ دار کے بارے میں کہہ دینا کہ میں اس کے جنازے میں شرکت نہیں کروں گا یہ جاہلانہ اور بڑی محرومی کی بات ہے، اس سے قطع تعلق کا گناہ بھی ملے گا جس سے بچنا ضروری ہے۔
اگر کسی نے وصیت کے ذریعے یا مرتے وقت یہ کہہ دیا کہ تو میرے جنازہ میں مت آنا یا رشتہ داروں کو کہہ دیا کہ فلاں کو مت بلانا، تو اس کی یہ وصیت ناقابلِ عمل اور اس کا یہ عمل اپنے اختیارات کی حدود سے تجاوز کرنا ہے، ایسی وصیت شرعی طور پر باطل ہے، کسی مسلمان کے جنازہ میں شرکت کا حق بندہ کو اللہ کی طرف سے دیا گیا ہے، لہٰذا تنازعہ کی وجہ سے اس میں رکاوٹ بننے کا اختیار کسی کو نہیں ہے۔
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ يَرْوِيهِ، قَالَ : " مَنْ تَبِعَ جِنَازَةً فَصَلَّى عَلَيْهَا فَلَهُ قِيرَاطٌ، وَمَنْ تَبِعَهَا حَتَّى يُفْرَغَ مِنْهَا فَلَهُ قِيرَاطَانِ، أَصْغَرُهُمَا مِثْلُ أُحُدٍ ". أَوْ : " أَحَدُهُمَا مِثْلُ أُحُدٍ "۔ (سنن ابی داؤد، رقم : ٣٣٦)
وَفِي الْكُبْرَى الْمَيِّتُ إذَا أَوْصَى بِأَنْ يُصَلِّيَ عَلَيْهِ فُلَانٌ فَالْوَصِيَّةُ بَاطِلَةٌ وَعَلَيْهِ الْفَتْوَى، كَذَا فِي الْمُضْمَرَاتِ۔ (الفتاویٰ الہندیۃ : ١/١٦٣)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
06 صفر المظفر 1448
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں