جمعرات، 10 جون، 2021

شکریہ ادا کرنے کا مسنون طریقہ

سوال :

مفتی صاحب ایک سوال ہے کہ کا شکریہ ادا کرنا ہو تو جزاک اللہ خیرا کہنے کا حکم کیا ہے؟ اور وایاک یا وایاکم کیا صحیح ہے؟ اس کو کہنے میں مرد یا عورت میں کچھ فرق ہے؟ اور وایاک کے جواب میں آمین کہنا صحیح ہے؟ مہربانی کرکے رہنمائی فرمائیں۔
(المستفتی : حفظ الرحمن، مالیگاؤں)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : کسی کے احسان کے بدلے میں اس کا شکریہ ادا کرنا ہوتو اس سلسلے میں ہمیں حدیث شریف میں درج ذیل رہنمائی ملتی ہے۔

سنن ترمذی میں ہے :
حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا :  جس شخص کے ساتھ کوئی احسان کیا جائے اور وہ احسان کرنے والے کے حق میں یہ دعا کرے "جَزَاكَ اللهُ خَیرًا" (یعنی اللہ تعالیٰ آپ کو اس کا بہتربدلہ دے) تو اس نے اپنے محسن کی کامل تعریف کی۔

معلوم ہوا کہ کسی کا شکریہ ادا کرنا ہوتو اسے "جَزَاكَ اللهُ خَیرًا" کہنا مسنون ہے، اس لیے بہتر تو یہی ہے کہ "جَزَاكَ اللهُ خَیرًا" کہا جائے۔ البتہ اگر کوئی صرف "جزاک اللہ" پر اکتفا کرے تو یہ بھی درست ہے۔ یا اس میں مزید اضافہ کردے مثلاً جزاک اللہ خیرا و احسن الجزاء یا جزاک اللہ خیرا کثیرا وغیرہ کہے تو یہ بھی اچھا ہے۔

جزاک اللہ خیرا کا جواب دینا واجب تو نہیں ہے، لیکن "آمین" کہہ دینا چاہیے اور ساتھ میں دعا دینے والے کو کوئی دعا یا یہی دعا دے  دی جائے تو بہتر ہے۔ مثلاً "آمین ! بَارَكَ الله" یا  "آمین ! فَجَزَاكَ الله خَیْرًا" یا "آمین! وَإِیَّاکَ" وغیرہ۔

اِیَّاکَ یہ واحد مذکر کا صیغہ ہے، جس کا مطلب ہے آپ کو بھی۔ یعنی اللہ تعالیٰ آپ کو بھی یہی عطا فرمائے، اگر مخاطب خاتون ہوتو اسے اِیَّاکِ کہا جائے گا۔ اور اِیَّاکُمْ یہ جمع مذکر کا صیغہ ہے۔ اگر مخاطب دو سے زائد ہوں تو ان کے لیے "اِیَّاکُمْ" کہا جاتا ہے، البتہ اگر مخاطب ایک ہی ہو لیکن عمر یا علم میں بڑے ہوں تو پھر ان کے لیے عام طور پر ادباً "اِیَّاکُمْ" جمع کا صیغہ استعمال کیا جاتا ہے۔ نیز اِیَّاکَ کے جواب میں بھی آمین کہنا درست ہے۔

عَنْ أُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " مَنْ صُنِعَ إِلَيْهِ مَعْرُوفٌ، فَقَالَ لِفَاعِلِهِ : جَزَاكَ اللَّهُ خَيْرًا ؛ فَقَدْ أَبْلَغَ فِي الثَّنَاءِ۔ (سنن الترمذی، رقم : ٢٠٣٥)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
29 شوال المکرم 1442

4 تبصرے:

پولیو ڈوز کا شرعی حکم