جمعہ، 30 دسمبر، 2022

جھُک کر کسی کے پیر چھونے کا شرعی حکم

سوال :

محترم مفتی صاحب ! کسی بزرگ یا کسی عالم کے احترام میں جھک کر ان کے پیر چھونا کیسا عمل ہے؟ اور اگر یہ عمل ناجائز ہے تو کوئی کسی بزرگ یا عالم کا پیر چھوئے تو کیا اسے منع نہیں کرنا چاہیے؟ اگر وہ منع نہ کرے تو اس پر کیا حکم ہوگا؟ جواب مرحمت فرمائیں اور عنداللہ ماجور ہوں۔
(المستفتی : حامد اختر، مالیگاؤں)
----------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : کسی عالم یا بزرگ کے احترام میں اس کے پیر چھونا یعنی کھڑا ہوا شخص جھک کر اس کے پاؤں کو ہاتھ لگائے تو یہ ایک ہندوانہ رسم ہے جو من تشبہ بقوم فھو منھم کی وعید (جو جس قوم کی نقالی کرے گا اس کا حشر اسی کے ساتھ ہوگا) میں داخل ہے۔

مسئلہ ھذا میں ہم دو فتاوی ایک دارالافتاء دارالعلوم دیوبند اور دوسرے ایک بریلوی مکتب فکر کے مفتی کا فتوی نقل کرتے ہیں تاکہ واضح ہوجائے کہ یہ مسئلہ اختلافی نہیں بلکہ اتفاقی ہے۔

دارالعلوم دیوبند کا فتوی ہے :
کسی کی عزت واحترام میں اس کے پاوٴں کو چھونا، یہ اسلامی طریقہ نہیں ہے، البتہ اس کے ہاتھ کو یا پیشانی کو بوسہ دے سکتے ہیں۔ (رقم الفتوی : 16960)

بریلوی مفتی محمد مدثر جاوید رضوی لکھتے ہیں :
پیر نہیں چھو سکتے ہیں اسلئے کہ یہ غیر مسلموں کا شعار ہے حدیث پاک میں ہے :

"من تشبه بقوم فھو منھم "  (مشکوة) 

جس اسکولوں میں ایسے فعل کرواتے ہوں ایسے اسکولوں میں بچوں کو پڑھنا پڑھانا ناجائز و حرام ہے، اگر عبادت سمجھ کر کرے تو کفر ہے۔ (مسائل شرعیہ بلاگ)

معلوم ہوا کہ یہ عمل غیر قوموں کا طریقہ ہے، دینِ اسلام میں اس کی گنجائش نہیں ہے، نیز کسی کے سامنے رکوع کی طرح جھکنا اور پیر چھونا سجدۂ تعظیمی کی طرح ہے جو ناجائز اور گناہ ہے۔ لہٰذا جس شخص کا جھک کر پیر چھوا جائے اس پر بھی لازم ہے کہ وہ ان لوگوں کو منع کرے، ورنہ وہ بھی ان لوگوں کے ساتھ ساتھ گناہ گار ہوگا۔

عَنِ ابْنِ عُمَرَ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : مَنْ تَشَبَّهَ بِقَوْمٍ فَهُوَ مِنْهُمْ۔ (سنن ابی داؤد، رقم : ٤٠٣١)

وَفِي الزَّاهِدِيِّ الْإِيمَاءُ فِي السَّلَامِ إلَى قَرِيبِ الرُّكُوعِ كَالسُّجُودِ۔ (شامی : ٦/٣٨٣)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامرعثمانی ملی
06 جمادی الآخر 1444

7 تبصرے:

  1. اچھا یہ پِیر صاحب پَیر چھونے سے اگر منع کریں گے تو ناٹک کے ذریعے کمائی جانے والے نوٹوں کی ہری ہری پتّیاں آنا بند ہوجائے گی-

    جواب دیںحذف کریں
  2. ابھی اگے اور کیا کیا ھوتا دیکھو

    جواب دیںحذف کریں
  3. زاھد اقبال گلشن مالک

    غالبا" یه فتوی سید امین القادری کے لیئے ھے انکی ایک ایسی ھی ویڈیو خوب وائرل ھورھی ھے

    جواب دیںحذف کریں
  4. ایک پڑھا لکھا گنوار ہے ان کو سچ بولو تو گالی دیتے ہیں اور دوسرا ماہ جاہل ماہ گنوار ہے یہ صرف عوام میں شناخت بنانے کے لیے کچھ بھی کر سکتا ہے.

    جواب دیںحذف کریں
  5. فتوے میں ایک سوال کا جواب تو باقی رہ گیا..کہ اگر پیر چھونے والے کو منع نہیں کرے تو کیا حکم ہے؟...

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. فتوے میں ہر سوال کا جواب آگیا ہے
      الحمدللہ

      حذف کریں