جمعرات، 22 اپریل، 2021

ہمیشہ بدن پر موجود زیورات کی زکوٰۃ کا حکم

سوال :

سلمٰی کے پاس دس تولہ یا اس سے زیادہ سونا ہے جو زیور کی شکل میں ہے اور وہ ان زیوروں کو ہمیشہ پہنے ہوئے رہتی ہے۔ وہ کہتی ہے کہ میں یہ زیورات دن رات پہنتی ہوں اس لیے مجھے ان کی زکوٰۃ نہیں ادا کرنا ہے۔ کیونکہ جو زیورات ہمیشہ پہنے جاتے ہیں خواہ وہ کئی تولہ ہوں ان کی زکوٰۃ نہیں ادا کرنا ہوتی۔ سوال یہ ہے کہ کیا صرف ان زیورات کی زکوٰۃ ہم پر فرض ہے جو کبھی کبھی پہنے جائیں؟ ہمیشہ بدن پر موجود زیورات کی زکوٰۃ نہیں ہوتی؟ رہنمائی فرمائیں۔
(المستفتی : عبدالرحمن، مالیگاؤں)
----------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : سونا چاندی کو شریعتِ مطہرہ نے مال نامی شمار کیا ہے، یعنی ایسا مال جس میں نمو وبڑھوتری پائی جاتی ہے اور ان کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ لہٰذا یہ دونوں دھاتیں کسی بھی شکل میں ہوں، خواہ زیورات کی شکل میں ہوں یا اینٹ، بسکٹ اور ڈلے کی شکل میں ہوں، اسی طرح زیورات ہمیشہ بدن پر رہتے ہوں یا کبھی کبھار پہنا جاتا ہو ان پر ہر سال زکوٰۃ واجب ہوتی ہے۔

لہٰذا صورتِ مسئولہ میں سلمہ کی بات بالکل بھی درست نہیں ہے۔ اس پر ضروری ہے کہ وہ اپنے تمام زیورات کی زکوٰۃ ادا کرے، ورنہ سخت گناہ گار ہوگی، نیز زکوٰۃ نہ ادا کرنے میں اس بات کا اندیشہ بھی ہے کہ اس کا مال محفوظ نہیں رہے گا۔

وینقسم کل واحد منہما إلی قسمین : خلقی وفعلی، ہٰکذا فی التبیین۔ فالخلقی الذہب والفضۃ …، والفعلی ما سواہما ویکون الاستنماء فیہ بنیۃ التجارۃ الخ۔ (بدائع الصنائع : ۲؍۹۲)

عن علي رضي اللّٰہ عنہ عن النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال : إذا کانت لک مائتا درہم وحال علیہا الحول ففیہا خمسۃ دراہم، ولیس علیک شيء یعنی في الذہب حتی تکون لک عشرون دیناراً۔ (سنن أبي داؤد، الزکاۃ / باب في زکاۃ السائمۃ ۱؍۲۲۱)

فأما إذا کان لہ ذہب مفرد فلا شيء فیہ حتی یبلغ عشرین مثقالا۔ (بدائع الصنائع : ۲؍۱۰۵)

ونصاب الذہب عشرون مثقالاً، والفضۃ مائتا درہم، کل عشرۃ دراہم وزن سبعۃ مثاقیل۔ (الدرالمختار، الزکاۃ / باب زکاۃ المال ۲؍۲۹۵)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
09 رمضان المبارک 1442

6 تبصرے:

  1. السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
    جو زیورات عورت پہنتی ہے وہ تو اس کی حوائج اور یومیہ ضرورت واستعمال میں شامل ہے زائد ازضرورت نہیں ہے پھر عورت کے پہننے والے زیورات پر زکوٰۃ نہیں ہوناچاہیے اس طرح سوال کیا ہے کسی ساتھی نے
    کیا ہے وضاحت فرمائیں عین نوازش ہوگی

    جواب دیںحذف کریں