پیر، 16 جنوری، 2023

گشت کی وجہ سے عذاب قبر اٹھالیا جانا؟

سوال :

محترم مفتی صاحب! بعض تبلیغی جماعت کے احباب فضائل گشت میں یہ بات بیان کرتے ہیں کہ اگر قبرستان والوں کوعذاب ہو رہا ہو تو اس گشت کی برکت سے قبرستان والوں سے عذاب ہٹا لیا جاتا ہے۔ تو کیا اس طرح کی کوئی حدیث ملتی ہے؟ براہ کرم رہنمائی فرمائیں۔
(المستفتی : قاری اکرم، سلوڑ)
----------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : بلاشبہ خود کی اصلاح کے ساتھ ساتھ دوسروں کی بھی اصلاح کی کوشش کرنا اور انہیں دین کی باتیں سمجھانے کے لیے ان کے مکان اور دوکانوں تک جانا بڑا نیکی کا کام ہے۔ لیکن سوال نامہ میں گشت کی جو فضیلت بیان کی گئی ہے، اس طرح کی کوئی روایت ذخیرہ احادیث میں موجود نہیں ہے۔

اس روایت پر دارالعلوم دیوبند کا فتوی :
یہ ایك بے اصل بات ہے بیانات میں مستند باتیں بیان كرنی چاہئے۔ (رقم الفتوی : 610639)

البتہ اس طرح کی ایک روایت ملتی ہے جس میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ کسی علاقے سے اگر کوئی عالم یا طالب علم گذرے تو اس علاقے کے قبرستان سے چالیس دنوں کے لیے عذابِ قبر اٹھا لیا جاتا ہے۔ لیکن یہ روایت بھی بے بنیاد اور موضوع (من گھڑت) ہے۔ لہٰذا یہ روایت اور سوال نامہ میں مذکور گشت کی فضیلت والی بات بیان کرنا جائز نہیں ہے۔

إنّ العالمَ والمتعلمَ إذا مرّا على قريةٍ فإنَّ اللهَ تعالى يرفعُ العذابَ عَنْ مقبرةِ تلكَ القريةِ أربعينَ يومًا.
ملا علي قاري (ت ١٠١٤)، الأسرار المرفوعة ١٤٢  •  قيل لا أصل له أو بأصله موضوع

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَنْ کَذَبَ عَلَيَّ مُتَعَمِّدًا فَلْيَتَبَوَّأْ مَقْعَدَهُ مِنْ النَّارِ۔ (صحیح البخاری، رقم : ١١٠)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
23 جمادی الآخر 1444

5 تبصرے:

  1. حضرت مفتی صاحب فضائل گشت میں بعض احباب یہ بھی بیان کرتے ہیں کہ جس بستی میں گشت والا عمل ہو رہا ہو. اور اگر اللہ پاک اس بستی والوں پر اپنا عذاب بھیجنا چاہتے ہیں تو اس گشت والے عمل کی برکت سے اپنے عذاب کو ہٹا لیتے ہیں .
    کیا یہ کہنا درست ہے یا نہیں برائے کرم رہبری فرمادیں.
    فقط. شاداب انصاری تبلیغی جماعت کے ساتھی.منو مسجد

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. اس طرح کی بھی کوئی روایت نہیں ہے۔ لہٰذا اس کا بیان کرنا بھی جائز نہیں ہے۔

      حذف کریں
    2. حضرت مفتی صاحب ایک سوال ہے کہ گشت کرکے جو نماز پڑھی جاتی ہے اسکا ثواب ایک لاکھ نمازوں کے برابر ملتا ہے کیا یہ صحیح ہے؟

      حذف کریں
  2. میں شاداب انصاری یہ میرا واٹس اپ نمبر ہے 9119589846 پرسنل پر قرآن و حدیث کی روشنی میں میری اصلاح فرمائیں.

    جواب دیںحذف کریں