منگل، 18 دسمبر، 2018

نماز جنازہ بیٹھ کر پڑھنے کا حکم

*نماز جنازہ بیٹھ کر پڑھنے کا حکم*

سوال :

مفتی صاحب! امید ہے کہ مزاج بخیر ہونگے۔
عرض تحریر یہ ہے کہ آج ایک میت میں جانا ہوا، نماز جنازہ شروع ہونے سے پہلے دو بزرگ آپس میں باتیں کر رہے تھے، پہلے صاحب دوسرے حضرت کو سمجھا رہے تھے کہ نماز جنازہ بیٹھ کر نہیں پڑھ سکتے، اس لیے کم از کم دیوار کا ٹیک لگا کر کھڑے رہو۔ پہلی مرتبہ سننے میں آیا، جن احباب نے سنا بشمول راقم، سبھی کو حیرت ہوئی۔ اسی لئے اس مسئلے کو قرآن و حدیث کی روشنی میں وضاحت درپیش ہے تاکہ ہمیں صحیح علم ہو جائے۔
(المستفتی : عمران الحسن ڈاکٹر مختار الحسن، مالیگاؤں)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : نماز جنازہ بھی دیگر نمازوں کی طرح بوقت ضرورت بیٹھ کر پڑھی اور پڑھائی بھی جاسکتی ہے، نماز جنازہ کا کوئی الگ حکم نہیں ہے، ہاں اگر کوئی بلاعذر شرعی نماز جنازہ بیٹھ کر پڑھے گا یا پڑھائے گا تو نماز جنازہ ادا نہیں ہوگی، لہٰذا سوال نامہ میں مذکور بزرگ کی بات بے اصل ہے، اس کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔

إذَا صَلَّى الْمَرِيضُ عَلَى جِنَازَةٍ قَاعِدًا وَهُوَ وَلِيُّهَا وَالْقَوْمُ خَلْفَهُ قِيَامٌ جَازَ۔ (الفتاویٰ الہندیۃ : ۱/١٦٤)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
11 ربیع الآخر 1440

2 تبصرے: