منگل، 18 دسمبر، 2018

فرض نمازوں کے بعد سر پر ہاتھ رکھ کر پڑھے جانے والے اذکار و دعا

*فرض نمازوں کے بعد سر پر ہاتھ رکھ کر پڑھے جانے والے اذکار و دعا*

سوال :

فرض نمازوں کے بعد سر پر دایاں ہاتھ رکھ کر گیارہ مرتبہ یاقوی پھر آنکھوں پر گیارہ مرتبہ یانور پھر دل پر اسی طرح یا الله اور تین مرتبہ یا قوی القادر المقتدر قونی قلبی پڑھا جاتا ہے دریافت طلب امر یہ ہے کہ اس کی کیا حقیقت ہے اور شرعی حکم کیا ہے؟
(المستفتی : محمد معاذ فانی، مالیگاؤں)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : سوال نامہ میں مذکور اعمال و اذکار قرآن و حدیث سے ثابت نہیں ہیں، بلکہ حضرت تھانوی رحمہ اللہ نے بہشتی زیور میں بطور علاج اس عمل کو لکھا ہے کہ سلام کے بعد سر پر ہاتھ رکھ کر ’’یاقوی‘‘  گیارہ مرتبہ پڑھنے سے دماغ میں قوت آتی ہے اور گیارہ مرتبہ ’’یانور‘‘ پڑھ کر انگلیوں پر پھونک مار کر آنکھوں پر پھیر لینے سے آنکھوں کی روشنی بڑھتی ہے، اسی طرح دل کی مضبوطی کے لیے ہر نماز کے بعد دل کے مقابل سینہ پر ہاتھ رکھ کر یہ دعا سات مرتبہ پڑھی جائے : یَا قَوِيُّ الْقَادِرُ الْمُقْتَدِرُ قَوِّنِيْ وَقَلْبِيْ، مذکورہ اذکار و اعمال طب اور تجربہ کے اعتبار سے ہیں، لہٰذا بطور علاج کے انہیں پڑھنے کی اجازت ہے اور فائدہ کی امید ہے۔ بطور خاص ملحوظ رہے کہ اسے مسنون سمجھ کر عمل کرنا درست نہیں۔

البتہ ایک ضعیف لیکن قابل عمل روایت میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز سے فارغ ہوتے تو دائیں ہاتھ کو سر پر پھیرتے اور یہ پڑھتے : بِسْمِ اللَّهِ الَّذِي لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الرَّحْمَنُ الرَّحِيمُ، اللَّهُمَّ أَذْهِبْ عَنِّي الْهَمَّ وَالْحَزَنَ۔

عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ أَنَّ النَّبِيَّ ﷺ كَانَ إِذَا صَلَّى وَفَرَغَ مِنْ صَلَاتِهِ مَسَحَ بِيَمِينِهِ عَلَى رَأْسِهِ، وَقَالَ: «بِسْمِ اللَّهِ الَّذِي لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الرَّحْمَنُ الرَّحِيمُ، اللَّهُمَّ أَذْهِبْ عَنِّي الْهَمَّ وَالْحَزَنَ۔ (المعجم الأوسط، رقم : ۳۱۷۸)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
11 ربیع الآخر 1440

4 تبصرے: