ہفتہ، 1 جون، 2019

عید پڑھانے کے بعد دوبارہ نفل کی نیت سے عید پڑھنا

*عید پڑھانے کے بعد دوبارہ نفل کی نیت سے عید پڑھنا*

سوال :

ایک مسئلہ یہ پوچھنا تھا کہ زید ایک مسجد میں امام ہے اسکی مجبوری یہ ہے کہ اسے عیدالفطر کی نماز اسکی مسجد میں پڑھانی ہے لیکن زید عیدگاہ کا ثواب حاصل کرنا چاہتا ہے تو کیا زید اسکی مسجد میں عیدالفطر کی نماز پڑھا کر عید گاہ جاکر نماز عیدالفطر دوبارہ پڑھ سکتا ہے؟
(المستفتی : مولوی مجاہد الاسلام، مالیگاؤں)
-----------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : صورتِ مسئولہ میں زید اپنی مسجد میں عید کی نماز پڑھانے کے بعد نفل کی نیت سے عیدگاہ کی جماعت میں شریک ہوسکتا ہے، اس میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ کیونکہ شرعاً بعض مواقع پر ایسا کرنے کا حکم ہے جیسا کہ کُتبِ فقہ میں صراحتاً مذکور ہے کہ جس نے ظہر یا عشاء پڑھ لی ہو اور وہ جماعت کے وقت مسجد میں ہو تو وہ جماعت کو چھوڑ کر وہاں سے نہ نکلے بلکہ نفل کی نیت سے جماعت میں شریک ہوجائے۔ اس صورت میں اسے نفل نماز کا ثواب ملے گا۔ کیونکہ نماز عیدالفطر تو اس نے پہلے ہی ادا کرلی ہے۔

والا لمن صلی الظہرو العشاء وحدہ مرۃ فلا یکرہ خروجہ الخ الا عند الشروع فی الا قامۃ فیکرہ لمخالفتہ الجماعۃ بلا عذر بل یقتدی متنفلا۔ (الدر المختار علی ہامش ردالمحتار، باب ادراک الفریضہ، ۱/ ۶۶۸)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
27 رمضان المبارک 1440

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں