پیر، 10 جون، 2019

مقتدی کا امام کے آگے نماز پڑھ لینے کا حکم

*مقتدی کا امام کے آگے نماز پڑھ لینے کا حکم*

سوال :

گذشتہ روز مسجد نبوی میں ختم قرآن تھا۔ تراویح میں کئی ہزار لوگوں نے امام سے آگے صف بنا کر نماز با جماعت ادا کی۔(یہاں کی انتظامیہ بھی سختی سے پیچھے جانے سے روک رہی تھی) یعنی مسجد نبوی کے انتظامی کارندے لوگوں کو امام سے پیچھے کی طرف جانے سے روک رہے تھے۔ لوگوں نے مجبوراً امام سے آگے نماز پڑھی۔ اسی طرح نماز عید میں بہت سے لوگوں نے امام سے آگے نماز با جماعت ادا کی۔ ایسی صورت میں امام کے آگے پڑھی گئی نمازوں کا کیا حکم ہوگا؟ برائے مہربانی رہنمائی فرمائیں۔
(المستفتی : ڈاکٹر زبیر، مالیگاؤں)
----------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : اقتدا کے صحیح ہونے کے لئے یہ شرط ہے کہ مقتدی امام سے آگے نہ بڑھے، مطلب یہ کہ کم از کم امام کی ایڑی مقتدیوں کی ایڑیوں سے آگے اور مقدم ہونا ضروری ہے۔ اگر مقتدی کا پیر لمبا ہونے کی وجہ سے امام کی ایڑی مقدم ہونے کے باوجود مقتدی کی انگلی امام کی انگلی کے برابر ہوجائے، تو نماز میں خرابی نہیں آئے گی۔ کیونکہ شرط امام کی ایڑی کا مقتدی کی ایڑی پر مقدم ہونا ہے۔

صورتِ مسئولہ میں جو لوگ امام سے آگے ہو گئے ان کی اقتدا صحیح نہیں ہوئی، اس لئے ان کی نماز نہیں ہوگی۔ اگر فرض نماز میں ایسا ہوا ہے تو نماز کا اعادہ ضروری ہوگا۔ مسئولہ صورت میں جبکہ تراویح اور عید کی نماز میں ایسا ہوا ہے تو وقت کے اندر ان نمازوں کا اعادہ کرلیا جاتا، لیکن چونکہ ان دونوں نمازوں کی قضاء نہیں ہے، لہٰذا وقت نکلنے کے بعد اس کی قضاء نہیں کی جائے گی، بس توبہ و استغفار کرلیا جائے۔ نیز انتظامیہ کا عمل یہاں شرعی عذر نہیں بنے گا، لہٰذا اس کے باوجود ان لوگوں کے لیے حکم یہی تھا کہ مذکورہ نمازیں وقت کے اندر دوہرائی جاتیں۔

والصغریٰ ربط صلاۃ المؤتم بالإمام بشروط عشرۃ: نیۃ المؤتم الاقتداء، واتحاد مکانہما، وصلا تہما، وصحۃ صلاۃ إمامہ، وعدم محاذاۃ إمرأۃ، عدم تقدمہ علیہ بعقبہ، وعلمہ بانتقالاتہ، وبحالہ من إقامۃ وسفر، ومشارکتہ فی الأرکان، وکونہ مثلہ أو دونہ فیہا وفی الشرائط۔ (شامی : ۲؍۲۸۴ تا ۲۸۶)

وتقدم الإمام بعقبہ عن عقب المأموم حتی لو تقدم أصابعہ لطول قدمہ لایضر الخ (مراقي الفلاح، کتاب الصلاۃ، باب الإمامۃ، ۱/۱۵۸)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
06 شوال المکرم 1440

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں