پیر، 22 فروری، 2021

نئی تعمیر ہونے والی مسجد میں پہلی نماز کا ثواب ؟


سوال :

کیا فرماتے ہیں علماء دین اس روایت کے متعلق  کہ لوگوں میں یہ بات بہت مشہور ہے کہ جب مسجد کے افتتاح کے موقع پر جو پہلی نماز ادا کی جاتی ہے تو اگر کوئی شخص اس افتتاحی نماز کو ادا کرلے تو جب تک اس مسجد میں نمازیں ہوتی رہیگی تو پہلی نماز ادا کرنے والے شخص کو اس کا ثواب ملتا رہے گا۔ لہٰذا عرض یہ کرنا ہے کہ کیا یہ بات صحیح ہے یا نہیں؟ اور اگر صحیح ہے تو براہ کرم وضاحت فرمائیں۔
(المستفتی : لئیق احمد، مالیگاؤں)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : نئی تعمیر ہونے والی مسجد میں پہلی نماز ادا کرنے کی مذکورہ فضیلت کسی حدیث سے ثابت نہیں ہے۔ اسی طرح کوئی اور فضیلت بھی کسی حدیث شریف میں مذکور نہیں ہے۔ جو ثواب دیگر مساجد میں نماز کا ملتا ہے وہی ثواب یہاں بھی ملے گا۔ لہٰذا ایسی فضیلت بیان کرنا اور قصداً اس کی نسبت آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی طرف کرنا اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنانا ہے۔

البتہ اگر یہ مسجد دور ہوتو نماز کے لیے زیادہ قدم چلنا نیکیوں میں اضافہ اور گناہوں کے معاف ہونے کا سبب ہے۔ جیسا کہ حدیث شریف میں آیا ہے تو یہ الگ بات ہے۔

عَنْ نُعَيْمِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ الْمَدَنِيِّ الْمُجْمِرِ أَنَّهُ سَمِعَ أَبَا هُرَيْرَةَ يَقُولُ مَنْ تَوَضَّأَ فَأَحْسَنَ وُضُوئَهُ ثُمَّ خَرَجَ عَامِدًا إِلَی الصَّلَاةِ فَإِنَّهُ فِي صَلَاةٍ مَا دَامَ يَعْمِدُ إِلَی الصَّلَاةِ وَإِنَّهُ يُکْتَبُ لَهُ بِإِحْدَی خُطْوَتَيْهِ حَسَنَةٌ وَيُمْحَی عَنْهُ بِالْأُخْرَی سَيِّئَةٌ فَإِذَا سَمِعَ أَحَدُکُمْ الْإِقَامَةَ فَلَا يَسْعَ فَإِنَّ أَعْظَمَکُمْ أَجْرًا أَبْعَدُکُمْ دَارًا قَالُوا لِمَ يَا أَبَا هُرَيْرَةَ قَالَ مِنْ أَجْلِ کَثْرَةِ الْخُطَا۔ (مؤطا امام مالک، رقم : ٦٩)

قال النبی صلی اللہ علیہ و سلم : من کذب علي متعمدا فلیتبوأ مقعدہ من النار۔ (صحیح البخاري : 1291/صحیح مسلم : 933)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
09 رجب المرجب 1442

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں