جمعرات، 4 جون، 2020

نکاح کے بعد سلام، مصافحہ ومعانقہ کا حکم


سوال :

مفتی صاحب! نکاح کے بعد سلام، مصافحہ و معانقہ کا شرعی حکم کیا ہے؟ براہ کرم مدلل جواب عنایت فرمائیں۔
(المستفتی : راشد حسین، دھولیہ)
-------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : نکاح کرنے والے کو بَارَكَ اللہُ لَكَ وَبَارَكَ عَلَيْكَ وَجَمَعَ بَيْنَكُمَا فِي خَيْرٍ
ترجمہ : اللہ تجھ کو برکت دے اور تجھ پر برکت نازل کرے اور تم دونوں کو بھلائی پر جمع رکھے۔

ان الفاظ کے ساتھ دعا دینا اورمبارکباد کہنا یہ تو جائز ہے بلکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم سے بھی ثابت ہے اس لئے اسے سنت کہا جائے گا۔ لیکن ہمارے یہاں نکاح ہوجانے کے بعد دولہا کھڑے ہوکر سلام کرتا ہے جو بعینہ سنت سے ثابت تو نہیں ہے، لیکن اسے الوداعی سلام پر محمول کرکے درست کہا جاسکتا ہے، نیز دولہے کو دعا دیتے وقت مصافحہ اور معانقہ کرنا بھی اگرچہ سنت نہیں ہے، لہٰذا اگر کوئی اسے سنت یا شریعت کا حصہ سمجھ کر نہ کرے تو اس میں شرعاً کوئی قباحت نہیں ہے۔ البتہ اگر کوئی اسے شرعی حکم یا سنت سمجھ کر انجام دے تو بلاشبہ یہ بدعت کہلائے گا۔


عن عائشۃ رضي اللّٰہ تعالیٰ عنہا قالت: قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم: من أحدث في أمرنا ہٰذا ما لیس منہ فہو رد۔ (صحیح البخاري، الصلح / باب إذا اصطلحوا علی صلح جور فالصلح مردود رقم : ۲۶۹۷)

عن العرباض بن ساریۃ رضي اللّٰہ عنہ قال : قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم ذات یوم في خطبتہ…: إیاکم ومحدثات الأمور، فإن کل محدثۃ بدعۃ، وکل بدعۃ ضلالۃ۔ (سنن أبي داؤد ۲؍۶۳۵، سنن الترمذي ۲؍۹۶)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
11 شوال المکرم 1441

5 تبصرے:

  1. ماشاء اللہ مفتی صاحب کے بلاگ اکثر روز مرہ کے مسائل کے بارے میں ہوتے ہیں۔
    اللہ انہیں لمبی عمر عطا کرے۔
    آمین۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. واقعی آپکے اندر بےپناہ صلاحیت ھے،اللہ برکت دے آمین۔

    جواب دیںحذف کریں
  3. جزاک اللہ خیرا کثیرا کثیرا

    جواب دیںحذف کریں