پیر، 14 ستمبر، 2020

موبائل بننے کیلئے دینے کے بعد مالک واپس نہ آئے؟

سوال :

مفتی صاحب! میری دوکان پر بعض لوگ موبائل بنانے کے لیے دے کر جاتے ہیں اور پھر واپس ہی نہیں آتے میرے پاس آج بھی کچھ ایسے موبائل ہیں جن میں سے کچھ سات سال کچھ پانچ سال سے رکھے ہوئے ہیں، اب میں ان موبائل کا کیا کروں؟
(المستفتی : مقیت الرحمن، مالیگاؤں)
----------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفیق : صورتِ مسئولہ میں آپ کو پوری کوشش کرنی چاہئے کہ مالکین اپنا موبائل واپس لے جائیں اور آپ کو موبائل درست کرنے کی اجرت ادا کردیں، اگر پوری کوشش کے باوجود موبائل کے مالکین سے رابطہ نہ ہو سکے، اور بظاہر ان کے واپس آنے کا امکان نہ رہے، تو آپ کو اختیار ہے کہ ان موبائلوں کو مناسب داموں میں فروخت کرکے اپنا محنتانہ اور ان میں لگائے ہوئے پارٹس کی قیمت اس میں سے نکال لیں، اور بقیہ رقم بطور امانت اپنے پاس رکھے رہیں جب مالک مل جائے تو اسے واپس کردیں، اگر اس کے واپس آنے کی امید بالکل ختم ہوجائے تو پھر یہ رقم اس کی طرف سے صدقہ کردیں۔ البتہ رقم صدقہ کرنے کے بعد یہ شخص واپس آجائے اور صدقہ پر راضی ہوجائے تو ٹھیک، ورنہ اسے اس کی رقم لوٹانا ضروری ہوگا۔ اس صورت میں صدقہ کا ثواب آپ کو ملے گا۔

فإن أشہد علیہ وعرّف إلی أن علم أن صاحبہا لا یطلبہا … کانت أمانۃ لم تضمن بلا تعد … فینتفع الرافع بہا لو فقیرًا و إلا تصدق بہا علی فقیر …، فإن جاء مالکہا بعد التصدق خیر بین إجازۃ فعلہ ولو بعد ہلاکہ ولہ ثوابہا أو تضمینہ۔ (تنویر الأبصار مع الدر المختار / کتاب اللقطۃ ۶؍۴۳۵-۴۳۹)

ثم بعد تعریف المدۃ المذکورۃ الملتقط مخیر بین أن یحفظہا حسبۃ وبین أن یتصدق بہا؛ فإن جاء صاحبہا فأمضی الصدقۃ، یکون لہ ثوابہا۔ (الفتاویٰ الہندیۃ : ٢/۲۸۹) فقط واللہ تعالیٰ اعلم
محمدعامرعثمانی ملی
25 محرم الحرام 1442

1 تبصرہ:

  1. aالسّلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ

    مفتی صاحب ،
    آج کل ہر طرف ماں بہن کی اور نت نئی نئی گالیاں عام ہو رہی ہیں ۔ گالی کے بارے میں کیا وعید ہے اور گالی دینے سے کتنا ہو گا ؟ اس کے بارے میں بتایں۔

    جواب دیںحذف کریں