بدھ، 3 اپریل، 2019

گرگٹ اور چھپکلی مارنے کا حکم

*گرگٹ اور چھپکلی مارنے کا حکم*

سوال :

١) گرگٹ کو مارنے سے ایک حج اور ایک عمرہ کا ثواب ملتا ہے؟
٢) اور چھپکلی کے مارنے کا کیا حکم ہے؟
٣) کیا گرگٹ اور چھپکلی ایک ہی قسم کی مخلوق ہے؟
(المستفتی : حافظ سفیان ملی،مالیگاؤں)
---------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : متعدد صحیح احادیث میں یہ مضمون وارد ہوا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے گرگٹ کو مارنے کا حکم (استحبابی) دیا ہے، اور اس پر اجر وثواب ملنے کی بات کہی گئی ہے۔

احادیث مبارکہ ملاحظہ فرمائیں :

حضرت سائبہ فرماتی ہیں کہ میں سیدہ عائشہ کے گھر گئی، دیکھا کہ گھر میں ایک برچھا رکھا ہوا ہے۔ تو عرض کیا اے ام المومنین! آپ اس سے کیا کرتی ہیں ؟ فرمانے لگیں ہم اس سے گرگٹ (اور چھپکلیاں) مارتی ہیں۔ اس لئے کہ اللہ کے نبی ﷺ نے ہمیں بتایا کہ سیدنا ابراہیم علیہ السلام کو جب آگ میں ڈالا گیا تو زمین کے ہر جانور نے آگ بجھانے کی کوشش کی۔ سوائے گرگٹ کے کہ یہ اس میں پھونک مار رہا تھا (تاکہ اور بھڑکے) اس لئے رسول اللہ ﷺ نے اسے مار ڈالنے کا حکم فرمایا۔(١)

حضرت ام شریک ؓ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے گرگٹ کو مار ڈالنے کا حکم دیا اور فرمایا کہ وہ حضرت ابراہیم علیہ السلام پر آگ پھونکتا تھا۔ (٢)

حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا جو شخص گرگٹ کو ایک ہی وار میں مار ڈالے ۔ اس کے لئے سو نیکیاں لکھی جائیں گی ، دوسرے وار میں اس سے کم اور تیسرے وار میں اس سے بھی کم نیکیاں لکھی جائیں گی۔(٣)

اس حدیث شریف میں سو نیکیوں سے مراد تعداد کی تحدید مقصود نہیں ہے، بلکہ کثرت کا اظہار مقصود ہے کہ اس پر بہت سارا اجر و ثواب ملے گا۔ البتہ گرگٹ کے مارنے پر حج و عمرہ کا ثواب ملنے والی بات بے اصل ہے، کسی بھی حدیث شریف میں اس کا ذکر نہیں ہے، لہٰذا اس کا بیان کرنا جائز نہیں ہے۔

٢) گرگٹ اور چھپکلی دونوں کے مارنے کا ایک ہی حکم ہے، دونوں کے مارنے پر اجر وثواب مرتب ہوگا۔

٣) چھپکلی بھی گرگٹ کی ہی ایک قسم ہے، محدثین و فقہاء نے بھی وزغ سے گرگٹ اور چھپکلی دونوں مراد لیا ہے، اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی روایت سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے چھپکلی مارنے کے لیے برچھا رکھا ہوا تھا، اس لئے کہ ظاہر گھروں میں عام طور پر چھپکلی ہی ہوتی، گرگٹ گھروں میں نہیں پائی جاتی، بلکہ اس کا مسکن جھاڑ جھنکاڑ ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ چھپکلی گرگٹ سے زیادہ نقصان دہ ہے، اس لئے کہ بلاشبہ چھپکلی میں زہریلا مادہ ہوتا ہے، اگر یہ کھانے وغیرہ میں گرجائے تو بعض اوقات انسان کی ہلاکت بھی بن جاتی ہے، اور جسمانی لحاظ چھوٹی ہونے اور دیواروں اور چھتوں پر آسانی سے چڑھنے کی صلاحیت کی وجہ سے اس کی پہنچ ہر جگہ ہوجاتی ہے، جس سے غفلت برتنے میں نقصان کا اندیشہ ہے۔ اس لئے اس کی طبعی خباثت، شقاوت اور انسانی صحت کی حفاظت کے پیش نظر اس کے مارنے کا حکم دیا گیا ہے۔

١) حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، قَالَ : حَدَّثَنَا يُونُسُ بْنُ مُحَمَّدٍ ، عَنْ جَرِيرِ بْنِ حَازِمٍ ، عَنْ نَافِعٍ ، عَنْ سَائِبَةَ - مَوْلَاةِ الْفَاكِهِ بْنِ الْمُغِيرَةِ - أَنَّهَا دَخَلَتْ عَلَى عَائِشَةَ ، فَرَأَتْ فِي بَيْتِهَا رُمْحًا مَوْضُوعًا، فَقَالَتْ : يَا أُمَّ الْمُؤْمِنِينَ، مَا تَصْنَعِينَ بِهَذَا ؟ قَالَتْ : نَقْتُلُ بِهِ هَذِهِ الْأَوْزَاغَ ؛ فَإِنَّ نَبِيَّ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَخْبَرَنَا أَنَّ إِبْرَاهِيمَ لَمَّا أُلْقِيَ فِي النَّارِ لَمْ تَكُنْ فِي الْأَرْضِ دَابَّةٌ إِلَّا أَطْفَأَتِ النَّارَ غَيْرَ الْوَزَغِ، فَإِنَّهَا كَانَتْ تَنْفُخُ عَلَيْهِ ؛ فَأَمَرَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِقَتْلِهِ۔ (سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر 3231)

٢) حَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُوسَى ، أَوِ ابْنُ سَلَامٍ عَنْهُ، أَخْبَرَنَا ابْنُ جُرَيْجٍ ، عَنْ عَبْدِ الْحَمِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ الْمُسَيَّبِ ، عَنْ أُمِّ شَرِيكٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَمَرَ بِقَتْلِ الْوَزَغِ ، وَقَالَ : " كَانَ يَنْفُخُ عَلَى إِبْرَاهِيمَ عَلَيْهِ السَّلَامُ۔ (صحیح بخاری، حدیث نمبر 3359)

٣) عن أبي ہریرۃ رضي اللّٰہ عنہ عن النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال: من قتل وزغًا في أول ضربۃ کتبت لہ مائۃ حسنۃ، وفي الثانیۃ دون ذٰلک، وفي الثالثۃ دون ذٰلک۔ (مشکاۃ المصابیح / باب ما یحل أکلہ وما یحرم، الفصل الأول ۳۶۱)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
26 رجب المرجب 1440

4 تبصرے:

  1. السلام علیکم و رحمۃ اللّٰہ ۔ حضرات مفتیانِ کرام و علماء دین۔ پوچھنا یہ تھا کی کیا چھپکلی کے گھر میں رہنے سے غربت آتی ہے۔ کیا چھپکلی گھر میں غربت کا سبب بن سکتی ہے۔مکمل جواب دے کر شکریہ کا موقع عنایت فرمائیں۔ عین نوازش ہوگی۔ فقط والسلام

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ

      ایسا تو نہیں ہے، البتہ یہ دوسری جگہ نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے، لہٰذا اسے مار دینا بہتر ہے۔

      واللہ تعالٰی اعلم

      حذف کریں
  2. مفتی صاحب ہمارے یہاں چھپکلیاں بہت ہوتی ہیں گھر میں بھی اور مسجد میں بھی اور اتنی بیٹ کر تی ہیں کہ مسجد میں نماز پڑھنا بھی مشکل تو اس کے بیٹ پاک ہی نہیں

    جواب دیںحذف کریں