جمعرات، 28 جنوری، 2021

قبر پر اینٹ اور چونا لگانے کا حکم

سوال :

ہمارے یہاں قبرستان میں میت کے وارثین اپنے مرحومین کی قبروں پر اینٹیں لگاتے ہیں، اور موقع بموقع چونے سے رنگتے رہتے ہیں تو یہ اینٹیں لگانا اور اسے چونے سے رنگنا اس کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ دلائل کی روشنی میں مسئلہ ھذا کو واضح فرمائیے۔
(المستفتی : اعجاز ماسٹر، دھولیہ)
-----------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : مسنون قبر وہ ہے جو اندر اور باہر دونو‌ں طرف سے کچی ہو اور سطح زمین سے تقریباً ایک بالشت اوپر اٹھا کر اونٹ کے کوہان کی طرح بنائی گئی ہو۔

قبر کو پختہ کرنے کے لیے اوپر اینٹیں لگانا جائز نہیں ہے، کیونکہ حدیث شریف میں قبروں کو پختہ کرنے کی ممانعت آئی ہے۔ اسی طرح قبر کا گھیراؤ کرنے کے لیے اطراف میں اینٹیں لگانا بھی درست نہیں ہے، اس لیے کہ اس میں قبرستان کی زمین پر ناجائز قبضہ کرنا پایا جاتا ہے۔

قبر پر چونا ڈالنے میں دو باتیں پائی جاتی ہیں، ایک تو اس میں قبر کو مزین کرنا ہے، جس کی قبر کو ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی یہ عمل نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین سے ثابت ہے۔ دوسرے قبر کو پختہ کرنا ہے، اور دونوں اعمال شرعاً مکروہ وممنوع ہیں، لہٰذا قبروں پر چونا ڈالنے سے بھی اجتناب لازم ہے۔
                       

عن أبي بکر بن عیاش عن سفیان التمّار أنہ حدثہ أنہ راٰی قبر النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم مسنمًا۔ (صحیح البخاري، الجنائز / باب ما جاء في قبر النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم، رقم : ۱۳۷۴)

ویسنم أي یجعل ترابہ مرتفعا علیہ کسنام الجمل لما روی البخاريؒ عن سفیان النمار أنہ رآی قبر النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم مسنما۔ (شامي : ۳؍۱۴۳)

عن جابر رضي اللّٰہ تعالیٰ عنہ قال : نہی رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم أن تجصص القبور۔ (سنن الترمذي، الجنائز / باب ما جاء في کراہیۃ تجصیص القبور، ۱؍۲۰۳)      

ولایجصص للنہی عنہ ولایطین، ولایرفع علیہ بناء الخ۔ (درمختار مع الشامي : ۳؍۱۴۴)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
14 جمادی الآخر 1442

7 تبصرے:

  1. اَلسَلامُ عَلَيْكُم وَرَحْمَةُ اَللهِ وَبَرَكاتُهُ‎
    قبر پر پھول ڈالنا کیسا ہے مفتی صاحب یہ بھی بتادیجیۓ مہربانی ھوگی

    جواب دیںحذف کریں
  2. قبر پر اگربتتی جلانے کے بارے میں بھی بتائیں

    جواب دیںحذف کریں
  3. جزاک اللہ خیرا واحسن الجزاء فی الدنیا والآخرۃ

    جواب دیںحذف کریں
  4. الحمدللہ ، 26 جنوری سے قبرستان میں اینٹ وغیرہ لگانے کی ممانعت کا بورڈ لگا دیا گیا ہے

    جواب دیںحذف کریں