جمعرات، 12 اگست، 2021

یوم عاشوراء کو دعوتیں کرنا

سوال :

محترم مفتی صاحب! عاشوراء کے دن دسترخوان وسیع کرنے کے بارے میں شرعاً کیا حکم ہے؟ اس نام سے اب بڑی بڑی دعوتیں منعقد کی جاتی ہیں (صاف صاف الفاظ میں غریبوں کو چھوڑ کر امیر طبقہ بھی اپنے سارے رشتہ داروں، دوست احباب، متعلقین کو دعوت دیتے ہیں) از راہ کرم رہنمائی فرمائیں۔
(المستفتی : عمران الحسن، مالیگاؤں)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : ایک ضعیف لیکن فضائل میں قابل قبول روایت میں آیا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا : جو شخص یوم عاشوراء کو اپنے گھر والوں پر وسعت کرے گا تو اللہ تعالیٰ پورے سال اس کے رزق میں برکت و وُسعت فرمائیں گے۔

حدیث شریف میں عیال کا لفظ آیا ہوا ہے جس سے مراد گھر والے ہیں نا کہ دیگر رشتہ دار اور دوست احباب، لہٰذا اس حدیث شریف کی رُو سے دس محرم الحرام کو گھر والوں پر وسعت کرنا یعنی ان کے لیے کھانے پینے کا اچھا نظم کرنا یا ان کی دیگر ضروریات مثلاً کپڑے وغیرہ کے لیے انہیں نقد رقم دینا مستحب ہے۔

گمان ہوتا ہے کہ یوم عاشوراء کو دیگر رشتہ داروں اور دوست واحباب کی دعوت کرنے والوں نے وسعت علی العیال سے مراد یہ سمجھ لیا ہے کہ اس دن دسترخوان کو وسیع اور بڑا کرنا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ دوسروں کی دعوت کرتے ہیں جبکہ حدیث شریف سے جو ثابت ہوتا ہے وہ اوپر بیان کردیا گیا ہے، لہٰذا صرف اتنے پر ہی اکتفا کرنا چاہیے۔ اس دن دوسروں کی دعوت کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے ورنہ دھیرے دھیرے دوسروں کی بڑی بڑی دعوتیں کرنے والا یہ عمل دس محرم الحرام کا حصہ بن کر رہ جائے گا۔

عن عبد اللہ قال : قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: من وسع علی عیالہ یوم عاشوراء وسع اللہ علیہ فی سائر سنتہ۔(شعب الإیمان ۵/۳۳۱، رقم : ۳۵۱۳، ۳۵۱۵، ۳۵۱۶)

وقال البیھقیؒ ھذہ الأسانید وان کانت ضعیفۃ فھی اذاضم بعضھا الی بعض أخذت قوۃ واللہ اعلم۔ (الترغیب و الترھیب : ۲/۱۱۶)

قالَ الطِّيبِيُّ : وفِيهِ أنَّ مَن أصَرَّ عَلى أمْرٍ مَندُوبٍ، وجَعَلَهُ عَزْمًا، ولَمْ يَعْمَلْ بِالرُّخْصَةِ فَقَدْ أصابَ مِنهُ الشَّيْطانُ مِنَ الإضْلالِ فَكَيْفَ مَن أصَرَّ عَلى بِدْعَةٍ أوْ مُنْكَرٍ؟ (مرقاۃ المفاتیح : ۲؍۱۴)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
02 محرم الحرام 1443

2 تبصرے:

  1. ماشاء اللہ بہترین جواب ارسال فرمایا آپ نے
    جزاکم اللہ خیرا و احسن الجزاء

    جواب دیںحذف کریں
  2. Credit card ka Paisa dhunde mai laga sakte hai kiya

    جواب دیںحذف کریں