جمعرات، 12 اگست، 2021

یوم عاشوراء کے روزے کی فضیلت؟

سوال :

مفتی صاحب درج ذیل پوسٹ :

9 /10 محرم کے روزہ کا ثواب
1000شہیدوں کا ثواب
1000 حج کا ثواب
1000عمرہ کا ثواب 2 سال کےگناہ معاف
2 سال کی عبادت کا ثواب
اور دوسروں کو بتانے پر 80 سال کی عبادت کا ثواب
اس کو زیادہ سےزیادہ شیئر کرے۔

سوشل میڈیا پر گردش میں ہے، اس کی تحقیق مطلوب ہے۔ جزاک اللہ۔
(المستفتی : عرفان احمد، مالیگاؤں)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : یوم عاشوراء کے روزہ کی فضیلت پر مبنی درج ذیل تین صحیح اور معتبر روایت ملتی ہے۔

حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت کرتے ہیں انہوں نے بیان کیا کہ میں نے نبی کریم ﷺ کو نہیں دیکھا کہ کسی دن کو سوائے اس دن کے یعنی عاشورہ کے سوا اس مہینے یعنی رمضان کے کسی دن کو افضل سمجھ کر اس میں روزہ رکھا ہو۔

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا : جو  شخص یومِ عرفہ کا روزہ رکھے گا  تو اس کے دو سال کے (صغیرہ) گناہوں کا کفارہ ہوجائے گا اور جو  شخص محرم کے مہینہ میں ایک روزہ رکھے گا، اس کو ہر روزہ کے بدلہ میں تیس روزوں کا ثواب ملے گا۔ (اس میں بلاشبہ عاشوراء یعنی محرم کی دس تاریخ کا روزہ بھی شامل ہوگا)

حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا : عاشورا کے  دن روزہ رکھنے سے پچھلے ایک سال کے (صغیرہ) گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔

ان تین فضیلتوں کے علاوہ یوم عاشوراء کی کوئی اور فضیلت کسی بھی معتبر روایت میں وارد نہیں ہوئی ہے، آپ کی ارسال کردہ مکمل پوسٹ من گھڑت ہے، لہٰذا اس کا پھیلانا جائز نہیں ہے، بلکہ جہاں یہ پوسٹ نظر آئے وہاں اس کی تردید کرنا کارِ ثواب ہوگا۔

حَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللهِ بْنُ مُوسَى عَنِ ابْنِ عُيَيْنَةَ، عَنْ عُبَيْدِ اللهِ بْنِ أَبِي يَزِيدَ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهُمَا قَالَ: مَا رَأَيْتُ النَّبِيَّ ﷺ يَتَحَرَّى صِيَامَ يَوْمٍ فَضَّلَهُ عَلَى غَيْرِهِ إِلَّا هَذَا الْيَوْمَ يَوْمَ عَاشُورَاءَ وَهَذَا الشَّهْرَ يَعْنِي شَهْرَ رَمَضَانَ۔ (صحیح البخاری، رقم : 2006)

عن عبد الله بن عباس : من صام يومَ عرفةَ كان له كفّارةَ سَنتيْن ومن صام يومًا من المُحرَّمِ فله بكلِّ يومٍ ثلاثون يومًا۔ (الترغيب والترهيب ٢‏/١٢٩، إسناده لا بأس به)

حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ يَحْيَى التَّمِيمِىُّ وَقُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ جَمِيعًا عَنْ حَمَّادٍ -قَالَ يَحْيَى أَخْبَرَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ عَنْ غَيْلانَ عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ مَعْبَدٍ الزِّمَّانِىِّ عَنْ أَبِى قَتَادَةَ، صِيَامُ يَوْمِ عَرَفَةَ أَحْتَسِبُ عَلَى اللهِ أَنْ يُكَفِّرَ السَّنَةَ الَّتِى قَبْلَهُ وَالسَّنَةَ الَّتِى بَعْدَهُ، وَصِيَامُ يَوْمِ عَاشُورَاءَ أَحْتَسِبُ عَلَى اللهِ أَنْ يُكَفِّرَ السَّنَةَ الَّتِى قَبْلَهُ۔ (صحیح مسلم، رقم : 2803)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
03 محرم الحرام 1443

3 تبصرے: