منگل، 16 نومبر، 2021

قضیہ A B C ایپ کا

قارئین کرام ! ہم نے چند دنوں پہلے ABC ایپ سے متعلق ایک مدلل مفصل فتوی لکھا تھا، جسے پڑھنے کے بعد ایک بڑا طبقہ الحمدللہ اس سے فوری طور پر رُک گیا تھا، لیکن ایک طبقہ نے اس کے باوجود اسے جاری رکھا تھا۔ اب اس کا ایپ کا کیا انجام ہوا؟ اسے جاننے اور مکمل طور پر سمجھنے کے لیے مکمل مضمون ملاحظہ فرمائیں۔

اے بی سی ایپ پر کام یہ ہوتا تھا کہ ایپ کی طرف سے بھیجی گئی یوٹیوب ویڈیوز کو لائک اور اس کے چینل کو سبسکرائب کرنا ہے جو بالکل کم وقت میں کیا جانے والا بالکل آسان کام تھا جس پر ایک بڑی رقم دی جارہی تھی، جبکہ معمولی سی سوجھ بوجھ رکھنے والے فرد کو یہ بات ضرور کھٹک جائے گی اور وہ یہ ضرور سوچے گا کہ دال میں ضرور کچھ کالا ہے۔ کیونکہ یوٹیوب پر اتنی آمدنی ہے ہی نہیں کہ کوئی اپنے چینل کو سبسکرائب کرنے اور اس کی ویڈیوز کو لائک کرنے پر بڑی بڑی رقم ادا کرے۔ جس کی وجہ سے ہمیں اس بات کا تو یقینِ کامل تھا کہ ABC ایپ فراڈ نکلے گا۔ لیکن اتنی جلدی نکلے گا؟ اس کا گمان نہیں تھا۔ ابھی چار پانچ دن پہلے معلوم ہوا کہ یہ ایپ بند ہوچکا ہے۔ اور بتایا گیا تھا کہ اگر مزید ریچارج کریں گے تو جاری ہوگا جس کا تجربہ بھی بعض لوگوں نے کیا، لیکن اس کے باوجود ایپ جاری نہیں ہوسکا۔ یعنی اسے دوبارہ جاری کرنے کے چکر میں بھی لوگوں نے مزید رقم ضائع کردی۔

جن لوگوں نے ریچارج کروایا تھا بلکہ کمیشن کے لالچ میں خود اپنے پیسوں سے دوسروں کا بھی ریچارج اس امید پر کرکے دیا تھا کہ وہ کمائے گا تو اس میں سے مجھے دے دے گا۔ لیکن خدا ہی ملا نا وصال صنم کے مصداق نہ خود ان کی مکمل رقم نکل سکی اور نہ ہی جس کا ریچارج کروایا گیا تھا اس سے پیسے ملے۔ چنانچہ ایک بڑی تعداد نے اپنی محنت اور حلال کمائی کی ایک بڑی رقم گنوا دی۔

اس ایپ کے اتنی جلدی بند ہوجانے سے گمان ہوتا ہے کہ اس کے مالکان اپنی دیوالی سیدھی کرنے کے لیے آئے تھے، جو دیوالی کے فوراً بعد ہی ہمارے بھولے بھالے اور بعض حد سے زیادہ سمجھدار نوجوانوں کی محنت کی کمائی لے کر نو دو گیارہ ہوگئے۔ جو نمبرات کسٹمر کیئر کے دئیے گئے تھے وہ سب بھی جعلی نکلے۔ یعنی یہ تک نہیں معلوم ہوسکا کہ ہمارے نوجوانوں کو کس نے؟ اور کہاں سے ٹھگا ہے؟ لہٰذا ہماری اپنے نوجوانوں سے عاجزانہ اور مخلصانہ درخواست ہے کہ آئندہ کمائی بالخصوص آن لائن ارننگ کے سلسلے میں بہت احتیاط سے کام لیں، کسی بھی ملازمت یا تجارت کے سلسلے میں پہلے ماہرین سے مشورہ اور علماء کرام سے شرعی رہنمائی ضرور حاصل کرلیں اس کے بعد ہی اسے اختیار کریں تاکہ دنیا و آخرت کے نقصان سے حفاظت رہے۔

اللہ تعالٰی ہم سب کو رزق حلال عطا فرمائے اور ہر طرح سے ہمارے حلال مال کی ضائع ہونے سے حفاظت فرمائے۔ آمین یا رب العالمین

اے بی سی ایپ کا شرعی حکم جاننے کے لیے درج ذیل لنک پر کلک کریں۔
اے بی سی ABC ایپ کے ذریعے پیسے کمانا

10 تبصرے: