جمعرات، 25 نومبر، 2021

چالیس دن تکبیر اولی والی فضیلت عورت کیسے حاصل کرے؟

سوال :

مفتی صاحب ایک مسئلہ ہے کہ چالیس دن تکبیر اولی کی فضیلت عورت کو کیسے حاصل ہوگی؟ جب کہ ان کے لیے اپنے گھر میں نماز پڑھنا اولی ہے، رہنمائی فرمائیں۔ جزاک اللہ خیرا
(المستفتی : محمد احمد، مالیگاؤں)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : چالیس دن تکبیر اولی کے ساتھ نماز پڑھنے کی فضیلت میں درج ذیل حدیث شریف ملتی ہے :
حضرت انس ؓ راوی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : جو آدمی چالیس روز تک اللہ تعالیٰ کے لئے جماعت کے ساتھ اس طرح نماز پڑھے کہ وہ تکبیر اولی بھی پائے تو اس کے لئے دو قسم کی نجات لکھی جاتی ہے ایک تو دوزخ سے نجات اور دوسری نفاق سے برأت۔

خواتین کے لیے چونکہ گھر میں نماز پڑھنا افضل ہے، لہٰذا خواتین کے لیے یہ فضیلت کیسے حاصل ہوگی؟ اس کی صراحت تو کہیں نہیں ملی۔ البتہ یہ امید کی جاسکتی ہے کہ اگر خواتین ماہواری کے ایام کو چھوڑ کر چالیس دن پابندی سے بغیر قضا کیے نماز پڑھ لیں تو انہیں بھی یہ فضیلت حاصل ہوجائے گی۔

دارالعلوم دیوبند کا فتوی ہے :
عورت کے لیے اپنے گھر میں نماز پڑھنے میں ہی زیادہ فضیلت حاصل ہوگی۔ جہاں تک اس فضیلت کی بات جو حدیث میں مذکور ہے، تو عرض ہے کہ یہ فضیلت اگر  عورت  کو اس طریقہ سے حاصل نہ بھی ہو تو دوسرے طریقہ سے یہ فضیلت حاصل ہوجائے گی، چنانچہ دوسری حدیث ہے کہ جو عورت پانچ وقت کی نماز پڑھے گی اور روزے رکھے گی، اور اپنے شوہر کی اطاعت کرے گی، تو جنت میں جس دروازے سے چاہے گی داخل ہوگی۔ (رقم الفتوی : 12879)

مردوں کو بھی مذکورہ فضیلت کب تک حاصل ہوسکتی ہے؟ اسے جاننے کے لیے درج ذیل جواب لنک سے ملاحظہ فرمائیں :
تکبیر اولیٰ کی فضیلت کا حقدار کون؟

عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : مَنْ صَلَّى لِلَّهِ أَرْبَعِينَ يَوْمًا فِي جَمَاعَةٍ، يُدْرِكُ التَّكْبِيرَةَ الْأُولَى كُتِبَ لَهُ بَرَاءَتَانِ : بَرَاءَةٌ مِنَ النَّارِ، وَبَرَاءَةٌ مِنَ النِّفَاقِ۔ (سنن الترمذی، رقم : ٢٤١)

عَنْ أبِي هُرَيْرَةَ قالَ : قالَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ : إذا صَلَّتِ المَرْأةُ خُمُسَها، وصامَتْ شَهْرَها، وحَصَّنَتْ فَرْجَها، وأطاعَتْ بَعْلَها، دَخَلَتْ مِن أيِّ أبْوابِ الجَنَّةِ شاءَتْ۔ (صحیح ابن حبان، رقم : ٤١٦٣)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
19 ربیع الآخر 1443

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں