منگل، 3 ستمبر، 2019

ماہ محرم الحرام کے روزوں کی فضیلت

*ماہ محرم الحرام کے روزوں کی فضیلت*

سوال :

مفتی صاحب کیا محرم الحرام کے بھی دس روزوں کی کوئی فضیلت ہے؟ اس سال بہت لوگ رکھ بھی رہے اور پوچھ رہے ہیں؟ برائے کرم جواب عنایت فرما کر عند اللہ ماجور ہوں۔
(المستفتی : مولانا اشفاق، پونے)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : ماہِ محرم کے روزے صرف نو اور دس محرم یا صرف پہلے عشرے کے ساتھ خاص نہیں ہیں، بلکہ اس مہینے کے  ہر ہر دن روزہ رکھنے کی بڑی فضیلت ہے، اس لیے محرم کے پورے مہینے میں کسی بھی دن روزہ رکھا جاسکتا ہے، ہر دن کے روزے کی فضیلت ہے، اس لئے کہ ایک تو یہ حرمت والے چار مہینوں میں سے ایک ہے، دوسرا یہ کہ احادیث مبارکہ میں خصوصی طور پر محرم کے روزوں کی فضیلت بیان کی گئی ہے جیسا کہ صحیح مسلم میں ہے :
حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا کہ رمضان کے بعد سب سے افضل روزے محرم کے ہیں، اور فرض نماز کے بعد سب سے افضل نماز تہجد کی ہے۔

اسی طرح عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا : جو  شخص یومِ عرفہ کا روزہ رکھے گا  تو اس کے دو سال کے (صغیرہ) گناہوں کا کفارہ ہوجائے گا اور جو  شخص محرم کے مہینہ میں ایک روزہ رکھے گا، اس کو ہر روزہ کے بدلہ میں تیس روزوں کا ثواب ملے گا۔

اس لیے وسعت کے مطابق جس قدر چاہیں روزے رکھنا سعادت اور فضیلت کی بات ہے۔ ماہِ محرم کے روزوں میں خصوصی فضیلت عاشوراء کے روزے کو حاصل ہے، جس کا اجر دیگر ایام کی بہ نسبت زیادہ ہے۔

عاشوراء کے روزوں سے متعلق درج ذیل جواب ملاحظہ :
عاشوراء کا صرف ایک روزہ رکھنا

حَدَّثَنِى قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ: حَدَّثَنَا أَبُو عَوَانَةَ عَنْ أَبِى بِشْرٍ، عَنْ حُمَيْدِ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ الْحِمْيَرِىِّ، عَنْ أَبِى هُرَيْرَةَ رضى الله عنه قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ ﷺ: أَفْضَلُ الصِّيَامِ بَعْدَ رَمَضَانَ شَهْرُ اللهِ الْمُحَرَّمُ، وَأَفْضَلُ الصَّلاةِ بَعْدَ الْفَرِيضَةِ صَلاةُ اللَّيْلِ۔(مسلم، حدیث نمبر 2812)

عن عبد الله بن عباس : من صام يومَ عرفةَ كان له كفّارةَ سَنتيْن ومن صام يومًا من المُحرَّمِ فله بكلِّ يومٍ ثلاثون يومًا۔ (الترغيب والترهيب ٢‏/١٢٩، إسناده لا بأس به)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
04 محرم الحرام 1441

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں