جمعرات، 1 جولائی، 2021

وکیل کے ساتھ رشتہ کرنے کا حکم


سوال :

میرے دوست کے گھر ایک لڑکی کے لئے ایک وکیل کا رشتہ آیا ہے تو لڑکی دینا چاہیے یا  نہیں؟ میں نے سنا ہے کی وکیل کے گھر کا پانی بھی نہیں پینا چاہیے، LLB وکیل ہے۔ رہنمائی فرمائیں۔
(المستفتی : محمد مصعب، مالیگاؤں)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : وکالت کے پیشے کو مطلقاً ناجائز سمجھنا بہت بڑی غلطی ہے۔ یہ ایسا پیشہ ہے جس کے ذریعے مظلوموں کو انصاف، محروموں کو حق اور ظالموں ومجرموں کو قرار واقعی سزا دلائی جاسکتی ہے جو بلاشبہ بہت بڑا نیکی کا کام ہے۔ نیز بہت سے وکلاء معاہدات تیار کرانے جائیداد زمین، مکان و دکان فیکٹری وغیرہ کے بیعانے اور رجسٹری کرانے کا کام انجام دیتے ہیں جس پر وہ اپنی متعینہ فیس لیتے ہیں، ایسے وکلاء کا کام اور ان کی کمائی شرعاً جائز اور حلال ہے۔ لہٰذا ایسے وکیل کی دعوت قبول کرنا اور اس سے رشتہ کرنا جائز اور درست ہے، شرعاً اس میں کوئی قباحت نہیں ہے۔

لیکن اگر کوئی ایسا وکیل ہو جو ہمیشہ یا اکثر ناجائز مقدمات کی پیروی کرتا ہو، ظالموں کا تعاون کرتا ہو، مظلوموں کا حق مارنے میں معاون بنتا ہوتو ایسا وکیل بلاشبہ سخت گناہ گار ہے اور اس کی کمائی بھی درست نہیں ہے، لہٰذا اس کی دعوت قبول کرنے اور اس سے رشتہ کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے الا یہ کہ وہ ان کاموں سے سچی پکی توبہ کرکے انہیں چھوڑ دے۔

وَيَجُوزُ التَّوْكِيلُ بِالْبِيَاعَاتِ وَالْأَشْرِبَةِ وَالْإِجَارَاتِ وَالنِّکَاحِ وَالطَّلَاقِ وَالْعَتَاقِ وَالْخُلْعِ وَالصُّلْحِ وَالْإِعَارَةِ وَالِاسْتِعَارَةِ وَالْهِبَةِ وَالصَّدَقَةِ وَالْإِيدَاعِ وَقَبْضِ الْحُقُوقِ وَالْخُصُومَاتِ وَتَقَاضِي الدُّيُونِ وَالرَّهْنِ وَالِارْتِهَانِ كَذَا فِي الذَّخِيرَةِ۔ (الفتاویٰ الہندیۃ : ٣/٥٦٤)

لا يَجُوزُ أخْذُ الأُجْرَةِ عَلى المَعاصِي (كالغِناءِ، والنَّوْحِ، والمَلاهِي) لِأنَّ المَعْصِيَةَ لا يُتَصَوَّرُ اسْتِحْقاقُها بِالعَقْدِ فَلا يَجِبُ عَلَيْهِ الأجْرُ، وإنْ أعْطاهُ الأجْرَ وقَبَضَهُ لا يَحِلُّ لَهُ ويَجِبُ عَلَيْهِ رَدُّهُ عَلى صاحِبِهِ۔ (مجمع الأنہر : ٢/٣٨٤)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
19 ذی القعدہ 1442

2 تبصرے:

  1. سوال پوچھنے والے حضرت آپکو چاہئے کہ ایماندار وکلاء کی روداد پڑھیں۔ ایڈوکیٹ مرزا امجد بیگ نام سے سرچ کریں بہت ساری کتابیں دستیاب ہیں۔ اگر اردو لائبریری کے ممبر ہیں تو سسپینس اردو ڈائجسٹ پڑھیں۔

    جواب دیںحذف کریں