ہفتہ، 3 جولائی، 2021

مسجد میں سی سی ٹی وی کیمرہ لگانے کا حکم

سوال :

مفتی صاحب مسجد میں CC TV لگا کر اسکرین کو مسجد میں کھلے عام لگانا کیسا ہے؟ لوگ جو باہر سے گذر رہے ہیں وہ بھی سارے نظرآرہے جس میں عورتیں بھی نظر آرہی ہیں۔
(المستفتی : مسیب خان، جنتور)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : ایسی جگہیں جہاں چوری اور مال کے  ضائع ہونے کے قوی امکانات ہوں وہاں حفاظتی نقطہ نظر سے سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کرنے کی گنجائش ہے۔ بلاضرورت مساجد یا اور کہیں بھی سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کرنا اجازت نہیں، کیونکہ اس میں جاسوسی کا عمل بھی پایا جاتا ہے جو شرعاً ناجائز عمل ہے۔ مسجد میں کیمرہ لگانے کی صورت میں اس بات کا خیال بھی رکھا جائے کہ اسکرین مسجد کے حصے میں نہ رکھی جائے بلکہ مسجد سے علیحدہ کمرے وغیرہ میں اس کی تنصیب کی جائے۔

صورتِ مسئولہ میں اگر ضرورت کی وجہ سے مسجد میں سی سی ٹی وی کیمرہ لگایا گیا ہے تو یہ ضروری ہے کہ اسکرین مسجد میں کھلے عام نہ لگائی جائے کہ یہ سخت بے ادبی کی بات ہے کیونکہ اس میں عورتیں بھی نظر آرہی ہیں۔ لہٰذا فوراً یہاں سے اسکرین نکال کر علیحدہ کسی کمرے وغیرہ میں اسے نصب کیا جائے۔

اَلضَّرُوْرَاتُ تُبِیْحُ الْمَحْظُوْرَاتِ۔ (الأشباہ والنظائر : ۳۰۷ ،)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
21 ذی القعدہ 1442

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں