منگل، 27 جولائی، 2021

نماز کے بعد کلمہ پڑھ کر اسے اللہ تعالیٰ کے پاس امانت رکھوانا

سوال :

محترم مفتی صاحب! درج ذیل پوسٹ کی تحقیق مطلوب ہے۔
ہر نماز کے بعد 3 مرتبہ پہلا کلمہ پڑھو اور یہ دعا مانگو کہ اے اللہ پاک یہ کلمہ تیرے پاس میری امانت ہے اور مرنے سے 2 منٹ پہلے یہ مجھے لوٹا دینا۔ اللہ کبھی امانت میں خیانت نہیں کرتا۔
پوسٹ آپ کے پاس ایک امانت ہے آپ بھی خیانت نہیں کریں گے اور دوسروں کے ساتھ share کرو گے۔
(المستفتی : محمود اشرف، مالیگاؤں)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : کلمہ امانت رکھوانے والی بات بے بنیاد ہے، اس طرح کرلینے سے یہ سمجھ لینا کہ موت کے وقت کلمہ نصیب ہوجائے گا خام خیالی ہے، اس طرح کا کوئی عمل آپ صلی اللہ علیہ و سلم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین یا سلف صالحین سے ثابت نہیں ہے، اگر یہ عمل واقعتاً مفید ہوسکتا تھا تو آپ صلی اللہ علیہ و سلم یا صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ضرور امت کو اس کی تلقین کرتے۔ ہمارا اصل کام یہ ہے کہ ہم پوری زندگی اللہ تعالٰی کے حکموں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے طریقوں کے مطابق گزارنے کی کوشش کریں، اور خاتمہ بالخير کے لیے دعا کرتے رہیں، قوی امید ہے کہ ان شاءاللہ خاتمہ ایمان پر ہی ہوگا۔ اور ایمان پر خاتمہ کے لیے ضروری نہیں ہے کہ زبان پر کلمہ طیبہ جاری ہو، بلکہ دل کا ایمان کے نور سے روشن ہونا کافی ہے۔

خلاصہ یہ کہ آپ کی ارسال کردہ پوسٹ کی کوئی شرعی حیثیت نہیں ہے، لہٰذا اسے شیئر نہ کریں اور دوسروں کو بھی دین کی صحیح معلومات سے واقف کرائیں۔

عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : مَنْ أَحْدَثَ فِي أَمْرِنَا هَذَا مَا لَيْسَ مِنْهُ فَهُوَ رَدٌّ ۔(صحیح مسلم، رقم : 1718)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
16 ذی الحجہ 1442

2 تبصرے: