جمعرات، 7 فروری، 2019

پہلی یا تیسری رکعت میں بیٹھ جائے تو سجدۂ سہو کا حکم

*پہلی یا تیسری رکعت میں بیٹھ جائے تو سجدۂ سہو کا حکم*

سوال :

فرض نماز کی تیسری رکعت میں سجدہ کے بعد فوراً قیام کرنا چاہیے لیکن امام صاحب غلطی سے بیٹھ گئے اور اتنے میں مقتدی حضرات کے لقمہ دینے پر فوراً کھڑے بھی ہوگئے تو کیا سجدہ سہو کرنا چاہیے یا نہیں؟
(المستفتی : فضل الرحمن، مالیگاؤں)
-----------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : پہلی یا تیسری رکعت میں اگر کوئی غلطی سے بیٹھ جائے تو سجدہ سہو کے واجب ہونے میں علماء کے درمیان اختلاف ہے۔

علامہ شامی رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ اگر زیادہ دیر تک بیٹھ جائے، اور وہ التحیات پڑھ لینے کی مقدار ہے تو سجدہ سہو واجب ہوگا،اور اگر تھوڑی دیر بیٹھ جائے اور وہ التحیات سے کم مقدار ہے تو سجدہ سہو واجب نہ ہوگا۔(١)

فتاوی دارالعلوم میں ہے :

طویل قعدہ سے سجدہ سہو لازم آتا ہے، جیسے بہ قدر التحیات پڑھنے کے مثلاً، یا اس سے قریب ہو، باقی جلسہ خفیفہ سے سجدۂ سہو لازم نہیں آتا۔(فتاویٰ دار العلوم مکمل و مدلل: ۴؍۲۷۷)

جب کہ بعض علماء نے تین تسبیح کے بقدر بیٹھے رہ جانے سے سجدہ سہو کے واجب ہونے کا قول کیا ہے۔(٢)

لہٰذا احتیاط اسی میں ہے کہ اگر کوئی شخص تین تسبیحات کے بقدر قعدہ کرلے تو اسے چاہیے کہ سجدہ سہو کرلے، لیکن اگر سجدہ سہو نہیں کیا تب بھی نماز واجب الاعادہ نہ ہوگی۔

١) وكذا القعدة في آخر الركعة الأولى أو الثالثة فيجب تركها، ويلزم من فعلها أيضا تأخير القيام إلى الثانية أو الرابعة عن محله، وهذا إذا كانت القعدة طويلة، أما الجلسة الخفيفة التي استحبها الشافعي فتركها غير واجب عندنا، بل هو الأفضل كما سيأتي وهكذا كل زيادة بين فرضين يكون فيها ترك واجب بسبب تلك الزيادة؛ ويلزم منها ترك واجب آخر وهو تأخير الفرض الثاني عن محله.(رد المحتار علی الدر المختار:۱؍۴۵۹،کتاب الصلاۃ، باب صفۃ الصلاۃ)

٢) ولم یبینوا قدر الرکن وعلی قیاس ما تقدم ان یعتبر الرکن مع سنتہ وھو مقدر بثلاث تسبیحات ۔ (طحطاوی علی مراقی الفلاح،ص ۲۵۸)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
24 رجب المرجب 1439

3 تبصرے:

  1. فرض نماز ادا کرتے وقت دوسری رکعت کے بعد قعدہ کرنا بھول جائے اور کھڑے ہونے کے کچھ دیر بعد یعنی سورہ فاتحہ کے دوران یاد آئے تو نمازی کیا کرے?

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. اب واپس قعدہ میں نہ بیٹھے، بلکہ اسی طرح نماز مکمل کرلے اور اخیر میں سجدۂ سہو کرلے، نماز درست ہوجائے گی۔

      واللہ تعالٰی اعلم

      حذف کریں
  2. *السلام علیکم ورحمتہ اللہ* *وبرکاتہ حضرت چار رکعت والی نماز میں قعدہ اولیٰ نہیں کیا بھولے سے گھڑا ہوگیا اور تیسری رکعت میں قعدہ اولیٰ کیا اور چوتھی رکعت میں قعدہ اخیرہ کرکے سجدہ سھو کیا تو نماز کا حکم کیا ہے*

    جواب دیںحذف کریں