اتوار، 6 مارچ، 2022

غیرمسلم کے چھینکنے پر دعا؟

سوال :

مفتی صاحب! اگر کوئی غیرمسلم کو چھینکتا ہوا دیکھے تو چھینک کا جواب یَرحَمُكَ اللہُ دے سکتے ہیں کیا؟
(المستفتی : ثاقب اختر، مالیگاؤں)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : اگر کوئی مسلمان چھینکے اور اس پر الحمدللہ کہے تو سننے والے کے لیے "یَرْحَمُکَ اللہُ" کہنا واجب ہے۔ لیکن اگر چھینکے والا کچھ نہ کہے تو پھر اسے یرحمک اللہ کہنا واجب نہیں۔ غیرمسلم ویسے چھینک کے بعد الحمدللہ کہے گا نہیں، تاہم اگر کہہ دے اور نہ بھی کہے تب بھی اسے جواب میں یرحمک اللہ نہیں کہا جائے گا۔ بلکہ اگر اسے جواب دینا ہوتو اسے "يَهْدِيکُمُ اللَّهُ وَيُصْلِحُ بَالَکُمْ" کہا جائے جیسا کہ ابوداؤد شریف میں آیا ہے کہ  یہودی نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے پاس آکر چھینکتے اس امید پر کہ آپ انہیں يَرْحَمُکُمُ اللَّهُ (اللہ تم پر رحم فرمائیں) کہیں گے لیکن آپ صلی اللہ علیہ و سلم انہیں "يَهْدِيکُمُ اللَّهُ وَيُصْلِحُ بَالَکُمْ" (اللہ تمہیں ہدایت دے اور تمہارے احوال کی اصلاح فرمائے) کہتے۔

عَنْ أَبِي بُرْدَةَ، عَنْ أَبِيهِ قَالَ : كَانَتِ الْيَهُودُ تَعَاطَسُ عِنْدَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ؛ رَجَاءَ أَنْ يَقُولَ لَهَا : يَرْحَمُكُمُ اللَّهُ، فَكَانَ يَقُولُ : يَهْدِيكُمُ اللَّهُ وَيُصْلِحُ بَالَكُمْ۔ (سنن ابی داؤد، رقم : ٥٠٣٨)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
02 شعبان المعظم 1443

1 تبصرہ: