پیر، 12 نومبر، 2018

مرحوم کی پنشن کا حق دار کون؟

*مرحوم کی پنشن کا حق دار کون؟*

سوال :

زيد  کی دو بیویاں ہیں، زید کی زندگی میں ہی پہلی بیوی کا انتقال ہوگیا اب زید كے انتقال کے بعد اس کی پنشن دوسری بیوی کو مل رہی ہے ۔ دراصل بات یہ ہے کی پہلی بیوی کے بچوں کا کہنا ہے کی اس پینشن میں ہمارا بھی حق ہے ہم کو بھی ملنا چاہئے۔ کیا ان کا اس طرح کہنا درست ہے؟ بالتفصیل جواب مطلوب ہے۔
(المستفتی : محمد فوزان، مالیگاؤں)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : سرکاری ملازمین کے انتقال کے بعدحکومت کی طرف ملنے والی  پنشن  کی رقم ان کی میراث اور ترکہ میں شامل نہیں ہوگی، کیوں کہ وہ رقم حکومت کی طرف سے تبرع اور احسان ہوتی ہے، حکومت کے قانون اور ضابطہ کے مطابق مرحوم ملازم کے جن وارثین کے لیے طے کی گئی ہو، وہی اس رقم کا مالک اور حق دار ہوگا، دیگر وارثین کا اُس میں کوئی حق نہیں ہے، اور نہ انہیں نامزد وارث سے طلب کرنے کا حق ہوگا۔ البتہ اگر وہ اپنی مرضی وخوشی سے دیگر ورثاء کو بھی کچھ دے دے تو الگ بات ہے۔

لہٰذا صورت مسئولہ میں زید کی دوسری بیوی کو اگر زید کی پنشن مل رہی ہے تو وہی اس کی مالک ہے، پہلی بیوی کے بچوں کا اس سے مطالبہ کرنا شرعاً جائز نہیں ہے، انہیں اس سے باز رہنا چاہیے۔

أَنَّ تَرَكَهُ الْمَيِّتُ مِنْ الْأَمْوَالِ صَافِيًا عَنْ تَعَلُّقِ حَقِّ الْغَيْرِ بِعَيْنٍ مِنْ الْأَمْوَالِ كَمَا فِي شُرُوحِ السِّرَاجِيَّةِ۔ (شامی : ٦/٧٥٩)

لِلْمَالِكِ أَنْ يَتَصَرَّفَ فِي مِلْكِهِ أَيَّ تَصَرُّفٍ شَاءَ سَوَاءٌ كَانَ تَصَرُّفًا يَتَعَدَّى ضَرَرُهُ إلَى غَيْرِهِ أَوْ لَا يَتَعَدَّى۔ (بدائع الصنائع : ٦/٢٦٤)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
04 ربیع الاول 1440

2 تبصرے: