ہفتہ، 3 نومبر، 2018

کیا تبلیغی جماعت کی سرگرمیوں میں حصہ لینا ضروری ہے؟

*کیا تبلیغی جماعت کی سرگرمیوں میں حصہ لینا ضروری ہے؟*

سوال :

امید کہ بخیر و عافیت ہوں گے ۔
ایک شخص جو نمازوں کا پابند ہے روزے رکھتا ہے ۔ ذکر و اذکار کرتا ہے تلاوت قرآن کرتا ہے، گناہوں سے بچنے اور نیکی کے کام انجام دینے کی کوشش کرتا ہے اپنی اور اپنے اہل و عیال کی اعزا و اقربا کی دینی اصلاح کی گاہے بگاہے کوشش کرتا رہتا ہے لیکن وہ جماعت اور دعوت و تبلیغ کے کام سے جڑا ہوا نہیں ہے تو کیا ایسا شخص آخرت میں بہت بڑا نقصان اٹھائے گا؟ براہ کرم رہنمائی فرمائیں ۔
(المستفتی : فہیم احمد، مالیگاؤں)
----------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : تبلیغی جماعت کی محنت دین سیکھنے اورسکھانے کی ایک مفید اور مستحسن شکل ہے، لیکن اس کی سرگرمیوں میں حصہ لینا شرعاً فرض یا واجب نہیں ۔ اس لئے کہ دین کی تبلیغ  کا یہ طریقہ منزل من اللہ نہیں ہے ۔ تبلیغ اسی ایک مروجہ صورت میں منحصرنہیں ہے، جس طرح بھی ہو اصل تبلیغ مقصود ہے، اگر کوئی کسی دوسرے طریقے پر اصلاحِ عوام میں مشغول ہو تو بھی تبلیغ  کا مقصد پورا ہوجاتا ہے، تبلیغ  کو اسی ایک طرزِ خاص میں منحصر سمجھ لینا سخت غلطی ہے، جو کہ قابل ِاصلاح ہے، زمانہ کے حالات کے حساب سے اور شرعی حدود میں رہتے ہوئے جس صورت سے بھی احکام پہونچا دئیے جائیں فریضۂ تبلیغ ادا ہوجائے گا ۔

لہٰذا صورت مسئولہ میں اگر آپ مروجہ تبلیغی جماعت سے جڑے ہوئے نہیں ہیں اور اس کی سرگرمیوں میں حصہ نہ لیتے ہوں، لیکن شریعت کے اصل احکامات پرعمل پیرا ہیں اور بقدر استطاعت دوسروں کی اصلاح کی کوشش وفکر بھی کرتے ہیں تو آپ پر کوئی گناہ نہیں ہے، اور نہ ہی بروز حشر آپ کسی نقصان و خسارے کے ذمہ دار ہوں گے ۔ بانی تبلیغی جماعت حضرت مولانا الیاس صاحب نور اللہ مرقدہ کی منشاء یہی تھی کہ لوگ اس کام کے ذریعے دین کے اصل احکامات پر چلنے والے بن جائیں۔ تاہم شخصی غلطیوں کی بنیاد پر مکمل طور پر تبلیغی جماعت کی مخالفت کرنا قطعاً درست نہیں ہے ۔

قال الطیبی رحمہ اللہ من أصر علیٰ أمر مندوب وجعلہ عزما ولم یعمل بالرخصۃ فقد أصاب منہ الشیطان من الإضلال ۔ (مرقاۃ، باب الدعاء فی التشہد، الفصل الأول، ۲/۳۴۸)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
25 صفر المظفر 1440

3 تبصرے:

  1. ماشاءاللہ اللہ آپکے کے علم ترقی عطا فرمائے

    جواب دیںحذف کریں
  2. ماشااللہ,,سوالات کےتمام پہلو کواجاگرکردیا

    جواب دیںحذف کریں
  3. ماشاءاللہ تبارک اللہ جزاک اللّہ خیرا حضرت نے ایک بہت ہی اہم مسئلہ کے کیطرف رہنمائی فرمائی

    جواب دیںحذف کریں