جمعرات، 18 اکتوبر، 2018

ختم قرآن کے موقع پر مخصوص دعا

*ختم قرآن کے موقع پر مخصوص دعا*

سوال :

مفتی صاحب درج ذیل کی دعا ختم قرآن کے موقع پر پڑھی جاتی ہے اور قرآن مجید میں سورہ ناس کے بعد دعا ضم ہے، تو کیا اس دعا کا پڑھنا حدیث شریف سے ثابت ہے؟
اللهم انس وحشتي في قبري
اللهم ارحمني بالقرآن العظيم
واجعله لي إماما ونورا وهدى ورحمة
اللهم ذكرني منهما نسيت وعلمني منهما جهلت وارزقني
تلاوتهُٓ اٰنآءاليل واٰنآءالنهار واجعله لي حجة يارب العالمين
(المستفتی : حافظ سفیان احمد مِلّی، مالیگاؤں)
--------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : ختم قرآن کے موقع پر صحیح سند سے کوئی مخصوص دعا حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم سے  منقول نہیں ہے۔ لہٰذا کسی مخصوص دعا کو ضروری یا مسنون سمجھنا درست نہیں ہے۔

البتہ امام غزالی ؒ نے داؤد بن قیس سے بسند معضل نبی کریم ﷺسے ختم قرآن کے موقعہ پر یہ دعا پڑھنا نقل کیا ہے : جسے زیادہ سے زیادہ مستحب کا درجہ دیا جاسکتا ہے۔

اَللّٰھُمَّ ارْحَمْنِیْ بِالْقُرْآنِ الْعَظِیْمِ وَاجْعَلْہُ لِی اِمَاماً وَنُوراً وَھُدیً وَرَحْمَۃً اَللّٰھُمَّ ذَکِّرْنِیْ مِنْہُ مَانَسِیْتُ وَعَلِّمْنِیْ مِنْہُ مَاجَھِلْتُ وَارْزُقْنِیْ تَلَاوَتَہُ آنآءَ اللَّیْلِ وَآنآءَ النَّھَارِ وَاجْعَلْہُ لِیْ حُجَّۃً یَارَبَّ الْعَالَمِیْنَ۔ (غیث النفع :۴۰۶،اتحاف السادۃ:۵/۴۹۲)

ترجمہ: اے اللہ قرآن عظیم کی برکت سے ہم پر رحم فرمائیے اوراسے ہمارے لئے امام نورہدایت ورحمت بنائیے،اے اللہ جو بھول جائیں اسے یاد کرادیجئے اورجس سے جاہل ہوں عالم بنادیجئے اورشب وروز اس کی تلاوت کی توفیق عطا فرمائیے اوراے پروردگار عالم اسے ہمارے لئے باعث حجت (قیامت کے دن) بنادیجئے۔

اسی طرح حضرت ملا علی قاری شرع عین العلم میں تحریر فرماتے ہیں کہ قرآن شریف پڑھنے والا ہر روز قرآن مجید کی تلاوت کے بعد یہ دعا پڑھا کرے۔

عن درباس مولى ابن عباس عن عبد الله بن عباس عن أبيّ بن كعب- رضي الله عنهم- عن النبي- صلى الله عليه وسلّم- أنه كان إذا قرأ قل أعوذ برب الناس افتتح من الحمد ثم قرأ من البقرة إلى أولئك هم المفلحون ثم دعا دعاء الختم ثم قام۔ (غيث النفع في القراءات السبع, ص. ٦٦٦ )فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
07 ذی القعدہ 1439

4 تبصرے: